اوچ شریف،باغی ٹی وی (نامہ نگارحبیب خان) نادرا آفس کے باہر بھتہ وصولی شروع، مبینہ غیر قانونی موٹر سائیکل اسٹینڈ اور فوٹو اسٹیٹ مشین کی آڑ میں غریب سائلین کو لوٹا جانے لگا، اوور چارجنگ اور بھتہ نہ دینے والوں کے ٹائر پنکچر اور قیمتی پرزہ جات کے نکالنے بارے انکشاف، توں تکرار معمول، ہم نے زونل انچارج نادرا میاں جہانزیب کی اجازت سے یہ اسٹینڈ بنایا اور مشین رکھی ہے، باقاعدہ منتھلی دیتے ہیں، ٹھیکیدار کا موقف

تفصیلات کے مطابق اوچ شریف نادرا آفس کے قریب انتظامیہ سے مبینہ ملی بھگت کرکے ٹوکن مافیا اور سیاسی شخصیت کے کارندوں نے مبینہ غیر قانونی موٹر سائیکل اسٹینڈ قائم کردیا ہے، جہاں دیہاتوں سے آنے والے مرد و خواتین سائلین سے زبردستی موٹر سائیکل اسٹینڈ پر کھڑی کروانے کی صورت میں آفس کے اندر جانے کی اجازت دئیے جانے بارے انکشاف ہوا ہے، بیس روپے تا سو روپے تک کی وصولی کرنے والے عناصر کے پاس سکیورٹی کے کوئی انتظامات نہیں ہیں، جبکہ نادرا آفس میں تعینات دیگر ملازمین بھی اس بہتی گنگا میں ہاتھ دھو رہے ہیں،

اسی طرح مرکزی گیٹ پر فوٹو اسٹیٹ مشین بھی رکھوا کر پرائیوٹ بندے کے ذریعے کمائی جاری ہے، روزانہ کی آمدنی کو شام کے وقت آپس میں تقسیم کرلیا جاتا ہے جبکہ زونل انچارج میاں جہانزیب کو بھی حصہ بروقت پہنچانے بارے بھی اطلاعات ہیں، زور زبردستی کرتے غنڈہ عناصر کے ساتھ شہریوں کی بحث و تقرار روز کا معمول بن گئی ہے، جبکہ دوسری طرف مبینہ غیر قانونی موٹر سائیکل اور فوٹو اسٹیٹ مشین بارے مقامی انچارج ذوالقرنین کی ملکیت بارے انکشاف ہوا ہے تاہم اس بابت یہ بھی اطلاع ہے کہ صرف فوٹو اسٹیٹ مشین زونل انچارج کی ہے اور اسٹینڈ مشترکہ ہے، اور اسٹینڈ ٹھیکیدار نے اپنے موقف میں کہا ہے کہ ہم نے زونل انچارج نادرا میاں جہانزیب اور مقامی انچارج ذوالقرنین کے حکم پر اسٹینڈ قائم کیا ہوا ہے اور ہم اسکی باقاعدہ فیس ان تک پہنچا رہے ہیں،

نادرا انچارج ذوالقرنین نے آف کیمرہ موقف دیا کہ فوٹو سٹیٹ مشین اور سائیکل سٹینڈ زونل انچارج میاں جہانزیب کی ہے انہوں نے رکھوائی ہوئی ہے باقی سیاسی کارندوں اور مافیا کے خلاف میں سی سی ٹی وی کیمروں کی مدد سے دہکھ بھال کرونگا اور جلد ٹوکن مافیا کو نکیل ڈالوں گا

شہریوں نے ڈی جی نادرا، ڈپٹی کمشنر بہاولپور سے مطالبہ کیا ہے کہ انہیں مبینہ سیاسی آشیرباد کے حامل غنڈہ عناصر سے بچایا جائے اور مزکورہ موٹر سائیکل اسٹینڈ فوری ختم کروایا جائے، تاکہ عوام کو آسانی میسر ہو .

Shares: