اوچ شریف،باغی ٹی وی( نامہ نگارحبیب خان )اوچ شریف کے نواحی علاقوں حسینی چوک، محلہ بلوچاں، شمیم آباد ،محلہ لنگاہ ،بستی ہمشیرہ، ماجھی والامیں سماجی برائیوں کا راج ، شہر میں جوئے و شراب کے اڈے قائم اور آکڑا پرچی کا کاروبار دھڑلے سے جاری، شہر کے گلی کوچے بااثرافراد ، بھتہ مافیا اور جواریوں کے نرغے میں ، روزانہ شہر میں ہزاروں روپوں کا جوا ہونے لگا، سماجی برائیوں کے بلا روک ٹوک کاروبار کے سبب نوجوان اور بچے برائیوں میں مبتلا ہونے لگے ، انتظامیہ خاموش تماشائی بن گئی ۔
تفصیلات کے مطابق اوچ شریف اور اس کے گردونواح میں سماجی برائیوں کا راج ہو گیا ہے ۔ شہر کے مختلف علاقوں میں جوئے کے اڈے، شراب کے اڈے قائم ہو گئے ہیں اور آکڑا پرچی کا کاروبار دھڑلے سے جاری ہے ۔شہر کی ہر گلی اور ہر کوچے میں بااثر افراد اور بھتہ مافیا کی نگرانی میں تمام سماجی برائیوں کا کاروبار عروج پر پہنچ گیا ہے ۔شہر کی ہر گلی اور ہر محلے میں جگہ جگہ جوئے کے اڈے اور جوا پرچی کی دوکانیں کھلی ہوئی ہیں صبح شام ڈرا ہوتی ہے۔
شہر میں روزانہ ہزاروں روپے کا جوا کھیلا جاتا ہے ۔ جواری اس جوئے کو مٹکا پرچی کے نام سے پکارتے ہیں۔ اس میں پانچ روپے سے لیکر ہزاروں روپے تک کا جوا کھیلا جاتا ہے۔ اپنی قسمت بدلنے اور انعام کے لالچ میں غریب طبقہ اپنی دن بھر کی کمائی اس جوئے کی نذر کر رہے ہیں ۔ شہر میں جگہ جگہ یہ کاروبار کھلنے سے چھوٹے بچے اپنی جیب خرچی سے پانچ روپے اور دس روپے والا یہ جوا کھیل رہے ہیں ۔
معصوم بچے اس انعام کی لالچ میں اپنی جیب خرچی سے اس جوا میں مبتلا ہو گئے ہیں اس کے علاوہ شہر کے گردونواح میں تاش کے پتوں پر جوئے کے اڈے بھی چل رہے ہیں اور یہ تما م جوئے کے اڈے، شراب کے اڈے اور آکڑا پرچی کا کاروبار مبینہ طور پر انتظامیہ کی سرپرستی میں چل رہے ہیں۔مقامی پولیس اس جانب سے مکمل چشم پوشی اختیار کئے ہوئے ہے۔
انتہائی باخبر ذرائع کے مطابق ان اڈوں سے روزانہ لاکھوں رپے بھتہ وصول کیا جاتا ہے ۔شہرکے سیاسی ، سماجی ، دینی ، تجارتی حلقوں نے ڈپٹی کمشنر بہاول پور سے مطالبہ کیا ہے کہ اوچ شریف شہر سے ان تمام سماجی برائیوں کا خاتمہ کیا جائے اور نوجوان نسل کو تباہ ہونے سے بچایا جائے.








