اوچ شریف,باغی ٹی وی (نامہ نگار حبیب خان )اوچ شریف و گردنواح میں آوارہ کتے قیمتی جانوروں کی موت کا موجب بن گئے، محنت کش کی 7 قیمتی بکریاں کتوں نے نوچ ڈالیں، ہسپتالوں میں باؤلے کتے کی ویکسین بھی نایاب، عوام میں تشویش کی لہر، چلنا پھرنا محدود کردیا، عوامی سماجی حلقوں کا آوارہ اور باؤلے کتے تلف کرنے کا مطالبہ،
تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز اوچ شریف کے نواحی علاقے موضع طاہر والی میں آوارہ کتوں نے کاشتکار خلیل احمد کے گھر کے باہر باندھے ہوئے پالتو جانوروں پر حملہ کر دیا، جس سے تقریباً 10 لاکھ روپے مالیت کی نایاب بکریاں موقع پر دم توڑ گئیں،
ذرائع نے انکشاف کیا ہے کہ طاہر والی میں یہ دوسرا واقعہ رونما ہو گیا ہے، شہریوں کا کہنا تھا کہ اوچ شریف شہر و گردونواح کے دیہاتوں میں آوارہ اور باؤلے کتوں کے غول کے غول چلتے پھرتے نظر آتے ہیں اور ان سے راہگیروں کی زندگیاں محفوظ نہیں۔ہر آنے جانے والوں کو کاٹ کر زخمی کردیتے ہیں اور جب یہ لوگ علاج کرانے نزدیکی ہسپتال میں کیلیے جاتے ہیں تو وہاں اکثر کتے کے کاٹے کی ویکسین نایاب ہوتی ہے اور ہسپتال کا عملہ ان مریضوں سے سوتیلی ماں کا سلوک کرتے ہوئے ڈسٹرکٹ ہسپتال ریفر کرنے کو ترجیح دیتے ہیں،
لوگوں میں شدید خوف و ہراس کے باعث خونخوار کتوں کے ڈر سے چلنا پھرنا بند کر دیا ہے،۔یہ امر قابل ذکر ہے کہ ماضی میں بلدیاتی اداروں نے آوارہ اور باؤلے کتے مارنے کیلیے باقاعدہ سرکاری ملازم رکھے ہوئے تھے مگر اب کافی عرصہ سے یہ مہم نہیں چلائی گئی، یہ بھی پتہ چلا ہے کہ کتے مار مہم کے فنڈز مبینہ کرپٹ ملازمین کی جیبیں بھرنے کے کام آتے ہیں۔
مقامی سماجی و عوامی حلقوں نے ڈی سی بہاول پور سے مطالبہ کیا ہے کہ فوری طور پر محکمہ صحت اور ٹی ایم اے حکام کو پابند کیا جائے کہ آوارہ اور باؤلے کتوں کے خاتمہ کی مہم چلائیں اور قریبی ہسپتالوں میں ویکسین بھی فراہم کریں.








