اوچ شریف: سب تحصیل ریونیو آفس بارش کے باعث تالاب میں تبدیل
اوچ شریف ، باغی ٹی وی نامہ نگار ( حبیب خان) سب تحصیل ریونیو آفس بارش کے باعث تالاب کا منظر پیش کرنے لگا، کیچڑ کے باعث سائلین کو شدید دشواری کا سامنا، سرکاری دفاتر کا یہ حال ہے تو ہماری گلی کوچوں کی صفائی کون کرے گا؟ شہری میونسپل کمیٹی کارکردگی بارے پھٹ پڑے،
تفصیل کے مطابق سب تحصیل اوچ شریف ریونیو آفس کی بلڈنگ کے احاطے میں گزشتہ روز ہونی والی موسلادھار بارش کے باعث پانی جمع ہونے اور کچے راستے میں شدید کیچڑ نے شہریوں کو شدید خوار کر رکھا ہے، میونسپل کمیٹی ملازمین نے تاحال اس بابت کوئی عملی کام نہ کیا ہے جس سے نکاسی آب اور کیچڑ کا مسئلہ حل ہو سکے، شہر کی گلی محلوں کی صورتحال اس سے بھی بدتر بتائی جاتی ہے،
شہریوں نے میڈیا کو بتایا ہے کہ ہماری گزرگاہ کے راستوں کا انتہائی برا حال ہے اور ہر گلی کوچے میں پانی اور کیچڑ پایا جاتا ہے جبکہ میونسپل کمیٹی ملازمین کے کانوں پر جوں تک نہیں رینگتی، اگر ریونیو آفس جیسے سرکاری دفاتر کا یہی حال رہا تو پھر ہم غریبوں کا کیا بنے گا،
شہریوں نے میڈیا کے توسط سے اسسٹنٹ کمشنر احمد پور شرقیہ محمد فیصل احمد سے میونسپل کمیٹی ملازمین کی مبینہ ناقص کارکردگی بارے فوری ایکشن لینے کی اپیل کی ہے