اوچ شریف،باغی ٹی وی (نامہ نگار حبیب خان ) مخدوم سید شمس الدین گیلانیؒ کا38 ویں سالانہ عرس مبارک بڑی عقیدت و احترام سے منایا گیا
تفصیل کے مطابق سجادہ نشین درگاہ قادریہ غوثیہ گیلانیہ عالیہ محبوب سبحانی اوچشریف،حضرت مخدوم الملک مخدوم سید حامد محمد شمس الدین گیلانی ؒ کا شمارخطہ پاک اوچ کے عظیم روحانی پیشوائوں میں ہوتا ہے ،آپ کی پیدائش 15ستمبر 1919ء کو اوچشریف میں اپنے عہدکے ولی کامل حضرت مخدوم سید گنج بخش گیلانیؒ کے گھر ہوئی ،آپ خانوادہ سادات گیلانی کے چشم وچراغ اورحضرت غوث الاعظم محبوب سبحانی قطب ربانی شیخ عبدالقادر جیلانیؒ کی اولاد میں سے ہیں،

حضرت مخدوم الملک مخدوم سید حامد محمد شمس الدین گیلانیؒ کی عمر محض دوسال ہی تھی کہ آپ کے والد ماجد کا سایہ سر سے اٹھ گیا،شفیق ماں کے زیر سایہ آپ نے پرورش پائی ،اپنے وقت کے ممتاز علمائے دین اوراساتذہ کرام سے قرآن پاک سمیت عربی،فارسی اور اردو میں دینی ودنیاوی تعلیم حاصل کی،

1940ء میں خاندانی روایات کے مطابق آپ کو درگاہ قادریہ غوثیہ گیلانیہ عالیہ محبوب سبحانی اوچشریف کا سجادہ نشین مقرر کیا گیا،نواب آف بہاولپورالحاج سرصادق محمد خان خامس عباسیؒ نے خاندانی عظمت ووقار اوربنی نوع انسان کیلئے بلاتفریق آپ کی خدمات پر آپ کو مخدوم الملک کے خطاب سے نوازا۔

شمس الدین گیلانیؒ علم دوست اورادب نواز شخصیت کے مالک تھے،شعروشاعری سے خصوصی شغف رکھتے تھے،خود بھی سخن گوئی کا نہایت عمدہ ذوق رکھتے تھے،شمس آپ کے نام کا تخلص تھا،شمس محل میں واقع آپ کے قائم کردہ نجی کتب خانہ میں انتہائی نادرونایاب قیمتی تاریخی کتب،مخطوطات اورنوادرات کا گرانقدرذخیرہ موجود ہے

22اپریل1986ء کو صبح آٹھ بجے اچانک حضرت مخدوم الملک مخدوم سید حامد محمد شمس الدین گیلانیؒ پر فالج کا حملہ ہوا جس سے دماغ کی شریان پھٹ گئی،آپ کو فوری طوربی وی ہسپتال بہاولپورلے جایا گیا،جہاں 48گھنٹے بے ہوش رہنے کے بعد 24اپریل 1986ء بمطابق 14شعبان المعظم1406ھ بروزجمعرات صبح آٹھ بجے آپ اپنے لاکھوں عقیدت مندوں کو سوگوار چھوڑ کر خالق حقیقی سے جاملے،

آپ کے 38ویں سالانہ عرس کی دوروزہ تقریبات گزشتہ روز شمس محل میں منائی گئیں عرس مبارک میں سجادہ نشین درگاہ حضرت محبوب سبحانی مخدوم افتخا ر الحسن گیلانی جلوہ افروز تھے علمأ کرام و نعت خوان حضرات نزرانے و گل ھاۓ عقیدت پیش کئے سجادہ نشین درگاہ حضرت محبوب سبحانی مخدوم سید افتخار حسن گیلانی ملک کی سلامتی امن وخوشحالی کیلیۓ خصوصی دعا کرائی مزار کو عطر گلاب سے غسل دیا گیا ملک بھر سے آۓ ہوۓ عقیدت مند و زائرین مزار پر پھولوں کی مالائیں پہنائیں اور عقیدتوں کے پھول نچھاور کئے عرس کی تقریبات کے اختتام پر زائرین شرکت کے بعد واپس اپنے اپنے گھروں کو لوٹ گئے

Shares: