اوچ شریف:9 بہنوں کا اکلوتا بھائی، 2 بچوں کا باپ 27 سالہ نوجوان نشے کی بھینٹ چڑھ کر ہلاک
اوچ شریف باغی ٹی وی (نامہ نگار حبیب خان) اوچ شریف اور نواح میں منشیات فروشی کے اڈے بند نہ ہو سکے، 9 بہنوں کا اکلوتا بھائی 2 بچوں کا باپ 27 سالہ نوجوان نشے کی بھینٹ چڑھ کر جان سے ہاتھ دھو بیٹھا، منشیات کے زہر نے درجنوں گھر اجاڑ دیئے ، منشیات فروشوں نے منشیات نوشی کے اڈے بنا لئے، منشیات فروخت کرنے کی بجائے ڈیروں اور چوباروں پر بلا کر رقم وصول کر کے نشے کی طلب پوری کرانے لگے،
ہیروئن ،آئس ،چرس اور شراب کی لت میں مبتلا نوجوان نشے کی طلب پوری کرنے کیلئے وارداتیں کرنے لگے، مقامی پولیس منشیات فروشی کا دھندہ بند کرانے میں ناکام،ہر ماہ کئی مقدمات درج ہونے کے باوجود منشیات کا مکروہ کاروبار بند نہ ہو سکا، آئس کا گھناؤنا دھندہ ہیروئن سے بھی زیادہ تیز رفتاری سے پھیلنے پر شہریوں میں تشویش، ضلعی پولیس انتظامیہ سے منشیات فروشی کے خاتمے کیلئے اقدامات کا مطالبہ،
اوچ شریف اور نواح میں منشیات فروشی کے دھندے پر قابو نہ پایا جا سکا منشیات فروشوں نے شہر کے گنجان آباد محلوں سے لے کر دیہی علاقوں میں اپنے نیٹ ورک بنا لئے ہیں شہر اور مضافات میں اب تک درجنوں گھرانوں کے نوجوان نشے کی لت میں مبتلا ہو کر جان گنوا بیٹھے ہیں لیکن اس مکروہ کاروبار میں ملوث افراد کو منطقی انجام تک پہنچانے کیلئے آج تک کوئی کارروائی نہیں کی گئی،
منشیات فروشوں کے کارندے نوجوانوں کو عیاشی اور آوارہ گردی کی ترغیب دے کر نشے کا عادی بنا لیتے ہیں جو بعد میں اپنی نشے کی طلب پوری کرنے کیلئے اپنے ہی گھروں سے چوری چکاری کا آغاز کرتے ہیں، اور نشے کی ہی حالت میں مبتلا ہو کر موت کو گلے لگا لیتے ہیں
گزشتہ روز محلہ گیلانی کے رہائشی حاجی فضل حسین کا جواں سال شادی شدہ بیٹا شہزاد حسین بھی اسی نشے کی بھینٹ چڑھ کر جان کی بازی ہار گیا، 27 سالہ نوجوان شہزاد جو کہ 9 بہنوں کا اکلوتا بھائی ہونے کے علاوہ 2 بچوں کا باپ بھی تھا کی موت سے پورے خاندان میں سوگ کی کیفیت طاری تھی اور ہر زبان پر ایک ہی سوال تھا کہ پولیس منشیات فروشی پر قابو کیوں نہیں پا سکتی،
جبکہ دوسری جانب ذرائع نے انکشافات کرتے ہوئے بتایا ہے کہ اب آئس کا گھناؤنا دھندہ کرنے والوں نے اپنے ڈیروں اور چوباروں پر منشیات نوشی کے پوائنٹ بنا کر مکروہ کاروبار کو فروغ دے رہے ہیں جہاں نوجوانوں کو بھاری رقوم کے عوض نشے کی طلب پوری کرنے کے علاوہ دیگر عیاشی کے لوازمات بھی مہیا کئے جاتے ہیں شہریوں نے اس امر پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے آر پی او بہاولپور اور ڈی پی او بہاول پور سے منشیات فروشی ختم کرنے کے اقدامات کا مطالبہ کیا ہے