اوچ شریف : کروڑوں روپے مالیت کے سیوریج لائن، ٹف ٹائل منصوبوں میں بھاری کرپشن کا بھانڈا پھوٹ گیا

دکانداروں کا ٹینکی چوک پر احتجاج، انجمن تاجران و سول سوسائٹی نے میونسپل کمیٹی اوچ شریف کے دفتر میں احتجاج ریکارڈ کرایا

اوچ شریف باغی ٹی وی (نامہ نگار حبیب خان) کروڑوں روپے مالیت کے سیوریج لائن، ٹف ٹائل منصوبوں میں بھاری کرپشن کا بھانڈا پھوٹ گیا، شہر بھر میں گلیاں، بازار ناکارہ سیوریج سسٹم کے گندے پانی میں ڈوب گئے، دکانداروں کا ٹینکی چوک پر احتجاج، انجمن تاجران و سول سوسائٹی نے میونسپل کمیٹی اوچ شریف کے دفتر میں احتجاج ریکارڈ کرایا، سیوریج کے ادھورے منصوبے کو مکمل کرنے اور ناقص منصوبے کی تعمیر پر ذمہ داروں کے خلاف فوری کارروائی کرنے اور شہر میں صحت و صفائی کی ابتر صورتحال کو ہنگامی بنیادوں پر بہتر بنانے کا مطالبہ،

اوچ شریف میں ٹینکی چوک پر دکانداروں نے احتجاج کرتے ہوئے بتایا کہ 7 محرم سے سیوریج لائن بند ہونے کی وجہ سے اہل علاقہ شدید اذیت میں مبتلا ہیں، ٹھیکیدار نے سیوریج کی تنصیب کے دوران ٹینکی چوک پر چار سے پانچ سو فٹ کا ٹکڑا چھوڑ دیا اور سیوریج لائن نہیں ڈالی گئی جس کے باعث آئے روز گٹروں کے گندے پانی سے بازار بھر جاتے ہیں اور ان کا کاروبار راستہ نہ ہونے کے باعث تباہ ہو گیا ہے، انہوں نے احتجاج کرتے ہوئے مقامی سیاسی نمائندوں اور میونسپل افسران کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا،

علاوہ ازیں اندرون ہاتھی گیٹ بازار و جہانیاں روڈ پر گٹروں کے گندے پانی کی تشویشناک حالت کے باعث انجمن تاجران اور سول سوسائٹی کے نمائندوں کی سربراہی میں دکانداروں نے میونسپل کمیٹی اوچ شریف پہنچ کر اپنا احتجاج ریکارڈ کرایا اس موقع پر تاجر رہنما عمر خورشید سہمن نے انتظامیہ کو باور کرایا کہ اگر فوری طور پر سیوریج سسٹم کو بحال کر کے شہر اور بازاروں کو گندگی سے پاک نہ کیا گیا تو تاجر برادری احتجاجاً ہڑتال کرنے اور الشمس چوک پر دھرنا دینے پر مجبور ہو جائے گی

Comments are closed.