اوچ شریف: عید گاہ واٹر فلٹریشن پلانٹ کافی دنوں سے بند،پینے کے صاف پانی کیلئےشہری خوار ہونے لگے

اوچ شریف،باغی ٹی وی(نامہ نگارحبیب خان) عید گاہ واٹر فلٹریشن پلانٹ کافی دنوں سے بند، دور دراز سے صاف پانی لینے کیلئے آنے والے لوگ خوار ہونے لگے، شہریوں کا احتجاج، ڈپٹی کمشنر بہاولپور اور اسسٹنٹ کمشنر احمد پور شرقیہ سے فوری طور پر فلٹریشن پلانٹ چالو کرانے کا مطالبہ،

تفصیل کے مطابق شہریوں کو صاف پانی فراہمی کے دعوے ناکام ہو کر رہ گئے ہیں عید گاہ روڈ اوچ شریف میں لگایا جانے والا واٹر فلٹریشن پلانٹ ہر دوسرے ماہ بند ہو جاتا ہے، اور دور دراز علاقوں سے گھروں کیلئے صاف پانی لینے آنے والے افراد کو مایوس گھروں کو لوٹنا پڑتا ہے

گزشتہ روز فلٹریشن پلانٹ کے سامنے خالی برتن اٹھائے شہریوں نے احتجاج کرتے ہوئے صحافیوں کو بتایا کہ گزشتہ کئی دنوں سے فلٹریشن پلانٹ بند کر دیا گیا جس کیلئے روزانہ ٹاؤن کمیٹی والے کل پرسوں کا کہہ کر ٹال مٹول سے کام کر رہے ہیں شہر ی روزانہ صاف پانی لینے کیلئے چکر کاٹ کاٹ کر خوار ہو رہے ہیں

شہریوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اوچ شریف شہر میں پانی سب سے بڑا مسئلہ بن گیا ہے پینے کے پانی کی عدم دستیابی اور زمینی پانی کڑوا اور زہریلا ہونے کی وجہ سے پینے کے پانی کی فروخت سالانہ کروڑوں روپے تک جا پہنچی اور دو نمبر پانی کی فروخت عام ہوگئی ہے سرکار کی طرف سے پینے کے صاف پانی کی فراہمی کےاقدامات بھی مایوس کن ثابت ہوئے ہیں

لگائے گئے اکثر واٹر فلٹریشن پلانٹ ناکارہ ہو چکے ہیں یا بجلی کے بلوں کی عدم ادائیگی کی وجہ سے بند پڑے ہیں اوچ شریف شہر و گردونواح کےعلاقوں کوٹلہ رحمت شاہ ، چک مانک نوشہرہ ، نندے لال ، نبی پور ، خرم پور ، فیض واہ ، سلطان واہ و دیگر میں زمین میں سنکیا کی مقدار خطرناک شکل اختیار کر گئی ہے سیم زدہ علاقوں میں رام کلی، کوٹ خلیفہ محمود ماتم محمد پور سرفہرست ہیں جہاں پر ایک طرف سرکار کی مجرمانہ غفلت سے مضر صحت کڑوا پانی پینے سے موذی امراض میں مبتلا ہو رہے ہیں تو دوسری جانب شہر بھر کے واٹر فلٹریشن زبوں حالی کا شکار ہو گئے ہیں جو کہ تحصیل انتظامیہ اور مقامی انتظامیہ اوچ شریف کی کارکردگی پر ایک سوالیہ نشان ہے اور عوام کے لیے ایک المیہ سے کم نہیں ہے

عوامی سماجی حلقوں نے حکومت سے پانی کے بڑھتے خطرناک مسائل کے فوری حل کرنے کے لیے شہریوں محمد یعقوب محمد وقاص محمد اقبال ملک شفیق انجم عبد الرشید عبد الرحمن نے ڈپٹی کمشنر بہاول پور سے فوری نوٹس لیتے ہوئے واٹر فلٹریشن پلانٹ کے فلٹر تبدیل کر کے چالو کرانے کا مطالبہ کیا ہے

Leave a reply