اوچ شریف باغی ٹی وی (نامہ نگار حبیب خان) اوچ شریف ۔ موٹر وے پولیس کی ایم 5 اوچ شریف انٹر چینج پر کارروائی ، اسلحہ کی بھاری کھیپ پکڑی گئی ، دو خواتین سمیت چار ملزمان گرفتار ، ایئر کرافٹ گن ، جی تھری ، کلاشنکوف پسٹل سمیت ہزاروں روند برآمد ، اسلحہ کو پشاور سے سکھر لے جایا جارہا تھا ، تحقیقات کا دائرہ وسیع ، ملوث تمام عناصر کو گرفتار کیا جائے گا ۔ ایس پی موٹر وے ندیم اشرف وڑائچ کی ڈی ایس پی سعید خان کے ہمراہ نیوز کانفرنس

تفصیل کے مطابق ایس پی نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹر ویز پولیس ندیم اشرف وڑائچ نے ڈی ایس پی بیٹ 25 سعید خان کے ہمراہ نیوز کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ موٹر وے پولیس بیٹ 25 نے ایم 5 اوچ شریف انٹر چینج پر ایک بلیک کلر گاڑی نمبری BGD-824-2016 کو رکنے کا اشارہ کیا جس نے گاڑی بھگادی ، موٹر وے پولیس نے مشکوک گاڑی کو روک کر گاڑی کی سرچنگ کی تو گاڑی میں بنائے گئے خفیہ خانوں سے بھاری تعداد میں اسلحہ کی کھیپ برآمد ہوئی ۔

برآمد ہونے والے اسلحہ میں ایئر کرافٹ گن ، جی تھری ، کلاشنکوف ، رائفلز ، پستول اور ہزاروں راونڈ شامل ہیں ، گاڑی میں سوار دو خواتین سمیت 4 افراد کو گرفتار کرلیا ہے ۔ ملزمان امیر بخش اور علی در ملاح اور خواتین کا تعلق تحصیل صالح پٹ ضلع سکھر سے ہے ،

انہوں نے کہا کہ ابتدائی معلومات کے مطابق اسلحہ کی کھیپ کو پشاور سے سکھر لے جایا جارہا تھا ، تاہم اس کی مکمل تحقیقات کی جائے گی اور اس میں ملوث تمام عناصر کو گرفتار کرکے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا ۔

انہوں نے کہا کہ وہ ڈی ایس پی بیٹ 25 سعید خان اور ان کی ٹیم کی اس بہترین کارکردگی کو سراہتے ہیں ، انہوں نے تھانہ اوچ شریف پولیس کی ٹیم کو بھی سراہا کہ اطلاع ملتے ہی مقامی پولیس بھی فوری موقع پر پہنچ گئی ۔

انہوں نے کہا کہ نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹر ویز پولیس شاہراہوں پر سفر کو محفوظ بنانے کے ساتھ ساتھ شاہراہوں پر جرائم پیشہ افراد اور منفی سرگرمیوں میں ملوث عناصر کے خلاف بھرپور کارروائی کررہی ہے

Shares: