بھارتی ریاست اڑیسہ میں پیراملٹری سنٹرل ریزرو پولیس فورس کے ایک اہلکار نے اپنی سروس رائفل سے خود کو گولی مار کر خودکشی کر لی۔
خبررساں ادارے کے مطابق خودکشی کرنے والے اہلکار کی شناخت گوپی ناتھ شبر کے نام سے ہوئی ہے جوضلع نواپڈا کی سنابیڈا سینکچری میں سی آر پی ایف کی 216ویں بٹالین میں تعینات تھا۔ اس کا تعلق کھریار بلاک کے علاقے گڑھ ہارا سے تھا۔ سی آر پی ایف اہلکار کو ، کیمپ میں مردہ پایا گیا ، اس نے اپنے پیچھے بیوی ، ایک بیٹی اور ایک بیٹا چھوڑا ۔ خودکشی کی وجہ ابھی تک معلوم نہیں ہو سکی ہے ، تاہم وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
دریں اثناء بھارتی ریاست راجستھان کے علاقے ساتھین میں پیراملٹری سنٹرل انڈسٹریل سکیورٹی فورس کے ایک ہیڈ کانسٹیبل نے جس کی شناخت پرکاش کے نام سے ہوئی ہے ، اپنے باپ رامپال کو قتل کر دیا۔ پولیس نے بتایا کہ جے پور میں تعینات پرکاش چھٹی پر گھر گیا تھا اور اپنے والد رامپال کے ساتھ جھگڑے کے دوران اس نے غصے میں آ کر اس کے سر پر وار کیا جس سے وہ موقع پر ہی ہلاک ہوگیا۔ شور سن کر پڑوسی بلدیو اور کان سنگھ مداخلت کرنے پہنچے لیکن پرکاش نے ان پر بھی حملہ کر دیا جس سے وہ دونوں زخمی ہو گئے۔ کان سنگھ شدید زخمی ہوا اور اسے علاج کے لیے جودھ پور منتقل کر دیا گیا۔ پولیس نے قتل اور اقدام قتل کے مقدمات درج کر لیے اور ملزم کو گرفتار کر کے تفتیش شروع کر دی ہے








