اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس عامر فاروق نے اسلام آباد ڈسٹرکٹ سیشن کورٹس کی آفیشل ویب سائٹ اور لائبریری کا افتتاح کر دیا۔
اس موقع پر ایک تقریب منعقد کی گئی، جس میں چیف جسٹس کو ویب سائٹ کے فیچرز کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ نئی ویب سائٹ میں کیسز اور ججمنٹس کی تلاش کے لیے خصوصی فیچرز شامل کیے گئے ہیں۔ اس ویب سائٹ کے ذریعے سائلین کو کیسز کی تفصیلات تک فوری رسائی حاصل ہو سکے گی۔ ویب سائٹ میں کیسز کی تلاش ایف آئی آر نمبر کے اندراج سے بھی ممکن ہوگی، اور اس کے ساتھ ساتھ ڈسٹرکٹ کورٹس کے تمام عبوری حکم نامے بھی ایک کلک پر دستیاب ہوں گے۔
اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس عامر فاروق نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اسلام آباد ڈسٹرکٹ جوڈیشری کے لیے آج کا دن اہم ہے،میں چھ ماہ قبل آیا تھا تو اعلان کیا تھا کہ لائبریری بنے گی جس کا آج افتتاح کر دیا،اس سال اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ جوڈیشری نے ایک لاکھ 19 ہزار کیسز نمٹائے،گزشتہ سال 82 ہزار کیسز نمٹائے گئے تھے، اب کیسز کا بیک لاگ بھی منفی ہو گیا ہے، اس ویب سائٹ کی لانچ سے سائلین، خصوصاً اوور سیز پاکستانیوں کو بہت فائدہ ہوگا، کیونکہ اس سے ان کے لیے کیسز کی پیروی اور معلومات حاصل کرنا آسان ہو جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ اسلام آباد ہائی کورٹ کی ویب سائٹ پہلے سے دستیاب تھی لیکن ڈسٹرکٹ کورٹس کی ویب سائٹ کی ضرورت تھی جو اب پوری ہو چکی ہے۔جلد ہی ڈسٹرکٹ جوڈیشری میں مزید تعیناتیاں ہوں گی اور اس سلسلے میں اچھی خبریں ملیں گی۔
اس موقع پر اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس نے ڈسٹرکٹ کورٹس کمپلیکس میں سینٹرل لائبریری کا بھی افتتاح کیا، جس سے وکلا اور دیگر قانونی ماہرین کو تحقیق اور مطالعہ کی جدید سہولتیں میسر آئیں گی۔اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس عامر فاروق کا کہنا تھا کہ ان کی کوشش رہی ہے کہ وہ ڈسٹرکٹ بار کے تمام مسائل حل کریں اور آئندہ بھی اس سلسلے میں بھرپور اقدامات کریں گے تاکہ انصاف کی فراہمی میں مزید بہتری آئے۔پہلی مرتبہ ہوا ہے اسلام آباد ہائیکورٹ کے ججز کے لیے ڈسٹرکٹ جوڈیشری سے نام دیئے گئے ہیں
چیف جسٹس عامر فاروق کی جانب سے اسلام آباد ہائیکورٹ کے لیے نامزد سیشن جج اعظم خان نے ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ میں آفیشل ویب سائٹ و سنٹرل لائبریری کی افتتاحی تقریب میں شرکت کے دوران چیف جسٹس عامر فاروق کو شیلڈ پیش کی