اوکاڑہ (باغی ٹی وی، نامہ نگار ملک ظفر)ڈپٹی کمشنر اوکاڑہ احمد عثمان جاوید نے شدید بارش کے دوران رات گئے شہر کے مختلف علاقوں کا ہنگامی دورہ کیا۔ ان کے ہمراہ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل حافظ محمد عمر طیب اور مسلم لیگ (ن) کے رہنما چوہدری فیاض ظفر بھی موجود تھے۔

ڈپٹی کمشنر نے کالج روڈ، تحصیل روڈ، کچہری روڈ، دیپالپور روڈ، ایم اے جناح روڈ، اور بینظیر روڈ سمیت دیگر متاثرہ علاقوں میں بارش کے پانی کی صورتحال کا جائزہ لیا۔ انہوں نے موقع پر موجود میونسپل کمیٹی کے حکام کو نکاسی آب کے لیے فوری اقدامات کرنے کی سخت ہدایات دیں۔

احمد عثمان جاوید نے کہا کہ مون سون سیزن کے پیش نظر تمام متعلقہ اداروں کو ہنگامی بنیادوں پر متحرک رہنا ہوگا۔ انہوں نے انتظامی افسران کو ہدایت کی کہ بارش کے دوران خود فیلڈ میں موجود رہ کر نکاسی آب کے عمل کی نگرانی کریں تاکہ شہریوں کو کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ ہو۔

ڈپٹی کمشنر نے مزید کہا کہ مختلف علاقوں میں نصب کیے گئے نئے ڈی واٹرنگ سیٹس کو مکمل فعال رکھا جائے، اور شہر بھر سے پانی کے فوری انخلاء کے لیے موثر اور منظم انداز میں کارروائی جاری رکھی جائے۔

شہری حلقوں نے ضلعی انتظامیہ کے اس بروقت اور متحرک اقدام کو سراہا ہے اور توقع ظاہر کی ہے کہ نکاسی آب کے مسائل جلد حل ہو جائیں گے۔

Shares: