اوکاڑہ (باغی ٹی وی، نامہ نگار ملک ظفر) سیکرٹری ایمرجنسی سروسز ڈیپارٹمنٹ ڈاکٹر رضوان نصیر (ستارہ و تمغہ امتیاز) کی خصوصی ہدایات پر ایمرجنسی سروسز اکیڈمی لاہور میں پنجاب انٹر ڈسٹرکٹ ریسکیو چیلنج 2025 منعقد ہوا، جس میں پنجاب کے تمام اضلاع کی ٹیموں نے بھرپور شرکت کی۔
ریسکیو 1122 اوکاڑہ کی ٹیم نے ڈویژنل ایمرجنسی آفیسر ساہیوال ڈویژن فہیم احمد قریشی اور ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر ظفر اقبال کی قیادت میں شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے ڈیپ ویل ریسکیو ایونٹ میں پہلی پوزیشن حاصل کی۔ مقابلوں میں ٹراما ریسکیو، ہائٹ اینڈ کارٹ ریسکیو، فائر فٹ، ویل ریسکیو اور واٹر سکوبا ریسکیو جیسے ایونٹس شامل تھے۔
ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر ظفر اقبال نے کہا کہ ریسکیو چیلنج جیسے مقابلے ریسکیورز کے اعتماد، عملی مہارت اور ٹیم ورک کو مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ سیکرٹری ایمرجنسی سروسز ڈاکٹر رضوان نصیر اور ڈویژنل ایمرجنسی آفیسر فہیم احمد قریشی نے اوکاڑہ ٹیم کو ٹرافی اور مبارکباد پیش کرتے ہوئے ان کی لگن اور پیشہ ورانہ مہارت کو سراہا۔








