اوکاڑہ (نامہ نگار ملک ظفر)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے عوامی خدمت مشن کے تحت اوکاڑہ میں سٹیٹ آف دی آرٹ سہولیات سے آراستہ ماڈل سہولت بازار کی تعمیر اپنے آخری مراحل میں داخل ہو گئی ہے۔ ممبر قومی اسمبلی ملک محمد افضل کھوکھر اور چیئرمین پنجاب سہولت بازار اتھارٹی کی ہدایات پر 30 کروڑ روپے کی خطیر لاگت سے جاری ترقیاتی کام جلد مکمل ہونے والے ہیں۔

مینجر و انچارج ماڈل سہولت بازار ثاقب شہزاد نے ترقیاتی کاموں کا جائزہ لیتے ہوئے بتایا کہ بازار میں قائم کی جانے والی تمام 108 دکانوں کی قرعہ اندازی جلد کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ ماڈل سہولت بازار میں دکانداروں کو 150 واٹ مفت بجلی فراہم کی جائے گی، جبکہ بازار میں سولر سسٹم بھی نصب کیا جا رہا ہے تاکہ توانائی کے متبادل ذرائع سے استفادہ کیا جا سکے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ بازار کی نگرانی کے لیے جدید سی سی ٹی وی کیمروں کا نظام بھی قائم کیا جا رہا ہے۔ ماڈل سہولت بازار میں دکان حاصل کرنے کے خواہشمند افراد 25 اکتوبر تک درخواستیں جمع کروا سکتے ہیں جبکہ 30 اکتوبر کو قرعہ اندازی عمل میں لائی جائے گی۔ درخواست گزار صرف 7500 روپے میں اس جدید اور سہولیات سے آراستہ بازار میں دکان حاصل کر سکتے ہیں۔

Shares: