اوکاڑہ (نامہ نگار)دیپالپور میں دریائے ستلج میں درمیانے درجے کی سیلابی صورتحال پیدا ہو گئی ہے۔ ہیڈ گنڈا سنگھ کے مقام پر پانی کا بہاؤ 1 لاکھ 11 ہزار کیوسک سے تجاوز کر گیا ہے، جبکہ ہیڈ سلیمانکی کے مقام پر بھی درمیانے درجے کے سیلاب کا خدشہ ہے۔
ڈپٹی کمشنر احمد عثمان جاوید کی ہدایت پر ضلع میں ریسکیو اور ریلیف آپریشنز کو تیز کر دیا گیا ہے۔ ریسکیو 1122 کے اہلکار گذشتہ رات سے دریائی علاقوں کے لوگوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے میں مصروف ہیں۔
ترجمان ضلعی انتظامیہ کے مطابق، سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں فلڈ ریلیف کیمپس کو مکمل طور پر فعال کر دیا گیا ہے اور متاثرین کو تمام ضروری سہولیات فراہم کرنے کے لیے ہر ممکن کوشش کی جا رہی ہے۔
عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ اپنی اور اپنے مال مویشی کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے دریائے ستلج سے ملحقہ علاقوں سے فوری انخلاء کے لیے انتظامیہ اور ریسکیو اہلکاروں کے ساتھ تعاون کریں۔








