اوکاڑہ (نامہ نگار ملک ظفر) ڈپٹی کمشنر احمد عثمان جاوید کی ہدایت پر محکمہ سول ڈیفنس کے زیر اہتمام گورنمنٹ ستلج ہائی سکول میں ریزیلینس کور کے حوالے سے آگاہی سیمینار کا انعقاد کیا گیا، جس میں طلبہ کی آن لائن رجسٹریشن بھی کی گئی۔

سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے سول ڈیفنس آفیسر جاوید اختر کھچی نے ریزیلینس کور میں بطور رضا کار شامل ہونے کے اغراض و مقاصد اور اہمیت سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی۔ انہوں نے بتایا کہ ریزیلینس کور کیلئے آن لائن رجسٹریشن کا طریقہ کار انتہائی آسان ہے اور اب تک ضلع بھر سے 7 ہزار افراد بلا معاوضہ رجسٹرڈ ہو چکے ہیں۔

جاوید اختر کھچی نے کہا کہ ریزیلینس کور کا بنیادی مقصد ہنگامی حالات، قدرتی آفات، حادثات اور ریسکیو آپریشنز کے دوران عوام کو فوری معاونت فراہم کرنا ہے۔ انہوں نے نوجوانوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ملک کو ایسے باہمت، ذمہ دار اور باشعور نوجوانوں کی ضرورت ہے جو مشکل وقت میں قوم کے ساتھ کھڑے ہو سکیں۔

انہوں نے مزید بتایا کہ کور میں شامل ہونے والے رضا کاروں کو فرسٹ ایڈ، فائر فائٹنگ، سرچ اینڈ ریسکیو، ایمرجنسی مینجمنٹ اور ڈیزاسٹر رسک ریڈکشن کی خصوصی تربیت فراہم کی جائے گی۔
سیمینار کے اختتام پر محکمہ سول ڈیفنس کے اہلکاروں نے اسکول کے طلبہ کی آن لائن رجسٹریشن بھی کی۔

Shares: