اوکاڑہ (نامہ نگار ملک ظفر) ڈپٹی کمشنر اوکاڑہ احمد عثمان جاوید کی زیرِ صدارت ضلعی امن کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں ایم پی اے چوہدری جاوید علاؤالدین، ضلعی انتظامیہ و پولیس افسران اور کمیٹی کے ارکان نے شرکت کی۔ اجلاس میں ضلع بھر میں قیامِ امن، باہمی اتحاد اور اتحادِ بین المسلمین کے فروغ پر زور دیا گیا۔

ڈپٹی کمشنر احمد عثمان جاوید نے اپنے خطاب میں کہا کہ اسلام امن، رواداری اور احترامِ انسانیت کا درس دیتا ہے، کسی کو بھی ریاست مخالف سرگرمیوں یا اشتعال انگیزی کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ ایک سیاسی و مذہبی جماعت نے امن تباہ کرنے کی کوشش کی اور حکومتی مذاکرات کی پیش کش کے باوجود تشدد کا راستہ اپنایا، جس کی ہر سطح پر مذمت کی جاتی ہے۔

ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ معاشرے سے شدت پسندی کے خاتمے کے لیے تمام مکاتبِ فکر کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔ انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان میں مقیم افغانیوں کے بارے میں حکومت کی پالیسی دوٹوک ہے، کیونکہ بعض افغانی باشندے بدامنی اور دہشت گردی کے واقعات میں ملوث پائے گئے ہیں، اس لیے ان کے انخلاء کے لیے عوامی تعاون ضروری ہے۔

ایم پی اے چوہدری جاوید علاؤالدین نے کہا کہ کوئی بھی جماعت مذہب کے نام پر سیاست نہ کرے، حالیہ پرتشدد واقعات نے متعلقہ جماعت کے سیاسی عزائم کو بے نقاب کر دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ امن عامہ کے قیام کے لیے ہر شہری کو ذمہ داری نبھانی ہوگی۔

علمائے کرام نے اجلاس میں یقین دہانی کرائی کہ وہ ریاستی اداروں کے ساتھ کھڑے ہیں اور کسی بھی شدت پسند تنظیم کے ساتھ نہ کبھی تھے، نہ ہوں گے۔ انہوں نے انتہا پسندی کے خاتمے اور افغانیوں کے انخلاء کے سلسلے میں ضلعی انتظامیہ کو بھرپور تعاون کی یقین دہانی کرائی۔

اجلاس کے اختتام پر ملک کی سلامتی، استحکام اور امن کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔

Shares: