اوکاڑہ (نامہ نگار ملک)سیکرٹری ایمرجنسی سروسز ڈاکٹر رضوان نصیر (ستارۂ امتیاز و تمغۂ امتیاز) کی خصوصی ہدایات کی روشنی میں پنجاب ایمرجنسی سروس ریسکیو 1122 نے ضلع بھر میں روڈ ٹریفک حادثات کے متاثرین کی یاد کا عالمی دن منایا۔ اس سلسلے میں ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر ظفر اقبال کی زیر نگرانی سیمینارز اور آگاہی واکس کا بھرپور انعقاد کیا گیا۔
ریسکیو افسران، ریسکیورز، رضاکاروں، طلباء و طالبات اور نیشنل ہائی وے پولیس کے اہلکاروں نے شرکت کی۔ آگاہی تقاریب کمیونٹی ریسکیو اسٹیشنز کے ساتھ ساتھ مختلف اسکولوں اور کالجز میں بھی منعقد کی گئیں۔
ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر ظفر اقبال نے اپنے خطاب میں کہا کہ پاکستان میں ہر 1 منٹ بعد ایک موٹر سائیکل حادثہ پیش آتا ہے، جبکہ 75 فیصد ٹریفک حادثات موٹر سائیکل سے منسلک ہوتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تیز رفتاری، گاڑیوں کے درمیان سے گزرنے اور موبائل فون کے استعمال کی وجہ سے حادثات میں خوفناک اضافہ ہو رہا ہے۔
انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ:موٹر سائیکل کی رفتار 50 کلومیٹر فی گھنٹہ سے تجاوز نہ کریں۔
موبائل فون کا استعمال ہرگز نہ کریں۔
بائیں لین کا استعمال کریں۔
معیاری ہیلمٹ پہنیں۔
ظفر اقبال کا کہنا تھا کہ اگر موٹر سائیکل کی رفتار 60 کلومیٹر یا اس سے زائد ہو تو حادثے کی صورت میں زندہ بچنے کے امکانات صرف 5 فیصد رہ جاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حفاظتی تدابیر پر عمل کر کے شہری اپنی اور اپنے پیاروں کی زندگیوں کو محفوظ بنا سکتے ہیں۔
ریسکیو 1122 کا پیغام:
“زندگی، معذوری یا موت… فیصلہ آپ کا”








