اوکاڑہ (نامہ نگار، ملک ظفر)اوکاڑہ پولیس نے ماہ جون 2025 کے دوران جرائم کے خلاف کارروائیوں کی رپورٹ جاری کرتے ہوئے بتایا ہے کہ ضلع بھر میں جرائم کی شرح میں نمایاں کمی آئی ہے۔ پولیس ترجمان کے مطابق جون کے مہینے میں پولیس نے جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کامیاب کارروائیاں کرتے ہوئے 15 خطرناک گینگز کو ختم کیا، جن کے 41 ارکان کو گرفتار کر لیا گیا۔ گرفتار ملزمان سے 2 کروڑ 10 لاکھ 8 ہزار روپے مالیت کا مال مسروقہ برآمد کیا گیا۔

کارروائیوں کے دوران ملزمان سے 79 پسٹل، 13 بندوقیں، 7 رائفلیں، 2 ریوالور، ایک کاربین اور 315 گولیاں بھی برآمد ہوئیں۔ منشیات فروشوں کے خلاف کارروائی میں 132 افراد کو گرفتار کیا گیا، جن سے 139 کلو چرس، 1787 لیٹر شراب، 741 لیٹر لہن اور 11 چالو بھٹیاں برآمد کی گئیں۔

اشتہاری اور عادی مجرموں کے خلاف بھی موثر کارروائیاں جاری رہیں۔ پولیس نے 425 اشتہاری ملزمان، 53 ٹارگیٹڈ آفینڈرز اور 42 عدالتی مفروران کو گرفتار کیا، جب کہ سنگین مقدمات میں ملوث اے کیٹیگری کے 110 اور بی کیٹیگری کے 315 اشتہاری مجرموں کو بھی حراست میں لیا گیا۔

شہر میں ایس او ایس ناکے، سرچ و کومبنگ آپریشنز، اور کرائم پاکٹس میں گشت کو مزید مؤثر بنایا گیا ہے۔ پولیس حکام کے مطابق انٹیلیجنس بیسڈ آپریشنز اور کریک ڈاؤن میں مزید تیزی لائی جائے گی تاکہ جرائم کا مکمل قلع قمع کیا جا سکے۔

Shares: