اوکاڑہ (نامہ نگار ملک ظفر) اوکاڑہ میں ایک ہی رات کے دوران تین مبینہ پولیس مقابلے ہوئے جن میں ایک ڈاکو ہلاک جبکہ دو ملزمان زخمی حالت میں گرفتار کر لیے گئے۔

پولیس ترجمان کے مطابق پہلی کارروائی تھانہ شاہبور کی حدود 33 فور ایل میں ہوئی جہاں پولیس نے منشیات فروشوں کی گرفتاری کے لیے چھاپہ مارا۔ ملزمان نے پولیس پارٹی پر فائرنگ کر دی، جس پر پولیس کی جوابی کارروائی میں ممتاز عرف تاجی زخمی حالت میں گرفتار ہوا۔ ملزم کے قبضے سے دو پیکٹ چرس برآمد کی گئیں۔

دوسری کارروائی تھانہ سٹی دیپالپور کے علاقے نیو سبزی منڈی میں عمل میں آئی۔ پولیس کے مطابق منشیات فروشوں کی موجودگی کی اطلاع پر چھاپہ مارا گیا تو ملزم ذوالفقار نے پولیس پر فائرنگ کر دی۔ جوابی فائرنگ میں وہ زخمی ہو کر گرفتار ہوا۔ اس کے قبضہ سے ایک کلو چرس اور ناجائز اسلحہ برآمد ہوا۔

تیسری کارروائی تھانہ حویلی لکھا پولیس نے ناکہ پر کی، جہاں دو مشکوک موٹر سائیکل سواروں کو رکنے کا اشارہ کیا گیا تو انہوں نے فائرنگ کر دی۔ پولیس کی جوابی کارروائی میں ایک ڈاکو ہلاک ہوگیا جس کی شناخت پرویز عرف غلام مصطفی عرف "بگی” کے نام سے ہوئی۔ پولیس کے مطابق ہلاک ڈاکو ڈکیتی، چوری اور منشیات سمیت 24 مقدمات میں ریکارڈ یافتہ تھا۔

پولیس نے ہلاک ڈاکو کے مفرور ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے چھاپہ مار کارروائیاں شروع کر دی ہیں۔

Shares: