اوکاڑہ (نامہ نگار ملک ظفر)اوکاڑہ کے نواحی علاقے دیپالپور میں پولیس اور ڈاکوؤں کے درمیان مبینہ مقابلے کے دوران تین بین الاضلاعی خطرناک ڈاکو ہلاک ہو گئے، جب کہ تین ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔ پولیس ترجمان کے مطابق ہلاک ہونے والے ملزمان 115 سے زائد قتل، اقدامِ قتل اور ڈکیتی جیسی سنگین وارداتوں میں ملوث تھے۔

واقعہ اس وقت پیش آیا جب شہری اسد نے پکار 15 پر اطلاع دی کہ گنگووال کے علاقے میں چھ ڈاکو واردات کر کے فرار ہو رہے ہیں۔ اطلاع ملتے ہی ایس ایچ او صدر دیپالپور انسپکٹر غازی اختر خان اپنی ٹیم کے ہمراہ موقع پر پہنچے اور ڈاکوؤں کا تعاقب شروع کیا۔ ڈاکوؤں نے پولیس کو دیکھتے ہی اندھا دھند فائرنگ شروع کر دی، جس کے جواب میں پولیس نے مؤثر کارروائی کی۔

فائرنگ کے تبادلے کے دوران تین ڈاکو اپنے ہی ساتھیوں کی گولیوں کی زد میں آکر ہلاک ہو گئے۔ ہلاک ہونے والے ڈاکوؤں کی شناخت شعبان عرف جانو، نزیر عرف بگی اور عبدالمنان کے ناموں سے ہوئی، جو لاہور، قصور، پاکپتن اور فیصل آباد سمیت کئی اضلاع میں پولیس کو مطلوب تھے۔

پولیس نے موقع سے اسلحہ، شناختی کارڈز اور نقدی بھی برآمد کر لی ہے، جبکہ فرار ہونے والے تین ڈاکوؤں کی تلاش جاری ہے۔ علاقے کی مکمل ناکہ بندی کر دی گئی ہے اور سرچ آپریشن میں پولیس کی بھاری نفری حصہ لے رہی ہے۔

ترجمان پولیس کے مطابق جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی اور عوام کی جان و مال کے تحفظ کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔

Shares: