اوکاڑہ (نامہ نگار ملک ظفر)اوکاڑہ کے نواحی علاقوں میں تیز بارش کے دوران چھتیں گرنے کے تین مختلف افسوسناک واقعات پیش آئے، جن میں ایک 8 سالہ بچے سمیت 8 افراد زخمی ہو گئے۔ تمام زخمیوں کو ریسکیو ٹیموں نے ابتدائی طبی امداد فراہم کرنے کے بعد قریبی ہسپتال منتقل کر دیا۔

ریسکیو ذرائع کے مطابق پہلا حادثہ نواحی علاقے 46 ڈی کی بستی پیپل والا کھوہ میں پیش آیا، جہاں بارش کے باعث بانسوں سے بنے ایک چھپڑ کی چھت گر گئی۔ اس حادثے میں 8 سالہ علی حسن، 18 سالہ عنزہ، 32 سالہ علی نواز اور 42 سالہ سلمان زخمی ہوئے۔

دوسرا واقعہ غلہ منڈی دیپالپور روڈ پر ایک ڈھابہ نما ہوٹل میں پیش آیا، جہاں شدید بارش کے باعث بانسوں سے بنی چھت زمین بوس ہو گئی۔ ملبے تلے دب کر 42 سالہ ذوالفقار اور 40 سالہ صابر جو کہ بہاولپور کے رہائشی ہیں، زخمی ہو گئے۔

تیسرا حادثہ جان مولا قبرستان کے قریب پیش آیا، جہاں بارش کے دوران ایک کچے مکان کی چھت گر گئی، جس کے نتیجے میں 48 سالہ اشرف اور اس کا 9 سالہ بیٹا شدید زخمی ہو گئے۔

حادثات کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 کی ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں اور فوری کارروائی کرتے ہوئے زخمیوں کو نکال کر اسپتال منتقل کیا۔ ڈاکٹروں کے مطابق زخمیوں کو ضروری طبی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں، جبکہ ان میں بعض کی حالت تشویشناک ہے۔

بارش کے باعث پیش آنے والے ان واقعات نے مقامی افراد کو خوف و ہراس میں مبتلا کر دیا ہے، جبکہ شہریوں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ کمزور و خستہ حال رہائشی ڈھانچوں کے معائنے اور حفاظتی اقدامات کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں۔

Shares: