اوکاڑہ (باغی ٹی وی،نامہ نگار ملک ظفر) ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فنانس اینڈ پلاننگ چوہدری عبدالجبار گجر کی زیر صدارت ضلعی بہبود و بحالی یونٹ برائے معذور افراد کا اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں تمام متعلقہ محکموں کے افسران اور معذور افراد کے نمائندوں نے شرکت کی۔ اجلاس میں معذور افراد کو درپیش مسائل، روزگار میں ان کے لیے مختص 3 فیصد کوٹہ، اور سفری سہولیات میں رعایت جیسے امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ بعض سرکاری و نجی اداروں میں معذور افراد کے لیے مختص کوٹہ پر مکمل عملدرآمد نہیں ہو رہا جبکہ پبلک ٹرانسپورٹ میں رعایتی سہولیات بھی ناکافی ہیں۔ اس پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر چوہدری عبدالجبار گجر نے سختی سے ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا کہ تمام سرکاری و نجی ادارے معذور افراد کے لیے مقررہ 3 فیصد کوٹہ پر عملدرآمد کو یقینی بنائیں اور اس سے متعلق مکمل ریکارڈ ڈی سی آفس میں جمع کروائیں۔
انہوں نے کہا کہ معذور افراد کے لیے پبلک ٹرانسپورٹ میں رعایت ہر صورت فراہم کی جائے اور اس ضمن میں سیکرٹری ڈی آر ٹی اے اڈہ مالکان کو پابند کریں کہ وہ ان ہدایات پر عمل کریں۔ چوہدری عبدالجبار گجر نے متنبہ کیا کہ جو ٹرانسپورٹرز معذور افراد کو رعایت فراہم نہیں کریں گے ان کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔
انہوں نے اجلاس کے شرکاء کو یقین دہانی کرائی کہ ضلعی انتظامیہ معذور افراد کو درپیش مسائل کے حل کے لیے سنجیدہ ہے اور اس سلسلے میں ترجیحی بنیادوں پر اقدامات کیے جائیں گے تاکہ معاشرے کا یہ نظرانداز شدہ طبقہ باعزت زندگی گزار سکے۔








