اوکاڑہ (نامہ نگار ملک ظفر) گزشتہ تین دنوں کی مسلسل بارشوں کے دوران ضلع اوکاڑہ میں مختلف نوعیت کے 57 حادثات پیش آئے، جن میں مجموعی طور پر 90 افراد کو ریسکیو سروسز فراہم کی گئیں۔ ریسکیو 1122 کے مطابق ان حادثات میں 51 واقعات چھتیں، چھپر یا دیواریں گرنے کے تھے، جب کہ کرنٹ لگنے کے 3، درخت گرنے کے 2 اور ایک واقعہ آسمانی بجلی گرنے کا رپورٹ ہوا۔
ان تمام حادثات میں 27 افراد کو موقع پر ہی ابتدائی طبی امداد دی گئی، جب کہ 55 زخمیوں کو مزید علاج کے لیے ہسپتال منتقل کیا گیا۔ بدقسمتی سے، ان واقعات میں 8 افراد جان کی بازی ہار گئے۔
ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ شدید بارشوں کے باوجود سروس نے اپنی معمول کی ایمرجنسی خدمات جاری رکھتے ہوئے 104 روڈ ٹریفک حادثات، 454 میڈیکل ایمرجنسیز، 9 آتشزدگی کے واقعات اور 224 متفرق نوعیت کی ایمرجنسیز پر بروقت ریسپانس کرتے ہوئے مجموعی طور پر 820 شہریوں کو امداد فراہم کی۔
ریسکیو 1122 نے عوام الناس سے اپیل کی ہے کہ برسات کے موسم میں الیکٹرک پولز، ہورڈنگ بورڈز اور نشیبی علاقوں سے اجتناب کریں، اور خاص طور پر بچوں کو کھڑے پانی کی جانب نہ جانے دیں۔ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوراً 1122 پر رابطہ کریں۔