اوکاڑہ( نامہ نگار ملک ظفر)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے فلیگ شپ پروگرام کے تحت خصوصی افراد میں معاون آلات کی تقسیم کے لیے گورنمنٹ ایم سی ہائی اسکول اوکاڑہ میں ایک پُروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ یہ تقریب محکمہ سوشل ویلفیئر اینڈ بیت المال کے زیر اہتمام منعقد ہوئی، جس میں 73 معذور افراد میں معاون آلات تقسیم کیے گئے۔

تقریب کے مہمانانِ خصوصی ایم پی اے چوہدری غلام رضا ربیرہ اور ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فنانس اینڈ پلاننگ چوہدری عبدالجبار گجر تھے، جنہوں نے معاون آلات خصوصی افراد میں تقسیم کیے۔ اس موقع پر لیگی رہنما چوہدری فیاض ظفر، ڈپٹی ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر محمد اشتیاق خاں، دیگر محکموں کے افسران، اور خصوصی افراد کے اہل خانہ بھی موجود تھے۔

ڈپٹی ڈائریکٹر محمد اشتیاق خاں نے خصوصی افراد کی فلاح و بہبود سے متعلق حکومتی اقدامات پر بریفنگ دی۔ ایم پی اے غلام رضا ربیرہ نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب خصوصی افراد کی سہولیات کو اولین ترجیح دے رہی ہیں، تاکہ انہیں معاشرے کا مفید شہری بنایا جا سکے۔ انہوں نے بتایا کہ پروگرام کے دوسرے مرحلے میں 73 اہل افراد میں معاون آلات تقسیم کیے جا رہے ہیں، جو ان کی روزمرہ زندگی میں آسانی پیدا کریں گے۔

ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر چوہدری عبدالجبار گجر نے اس اقدام کو سراہتے ہوئے کہا کہ حکومت پنجاب کی یہ کاوش معذور افراد کی خودمختاری اور بہتر زندگی کی جانب ایک مثبت قدم ہے۔ معاون آلات حاصل کرنے والے افراد اور ان کے اہل خانہ نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کا خصوصی شکریہ ادا کیا۔

Shares: