اوکاڑہ (نامہ نگار ملک ظفر) محکمہ تحفظ ماحولیات و موسمیاتی تبدیلی اور سول ڈیفنس ڈیپارٹمنٹ کے اشتراک سے آبی وسائل کے تحفظ کے عالمی دن کے حوالے سے ای لائبریری ڈسٹرکٹ کمپلیکس میں سیمینار منعقد کیا گیا۔ سیمینار میں این جی اوز، محکمہ تحفظ ماحولیات وموسمیاتی تبدیلی، محکمہ سول ڈیفنس، وکلا برادری اور انڈسٹری ڈیپارٹمنٹ کے سٹاف نے شرکت کی۔
سیمینار میں رواں سال بین الاقوامی پانی کے تحفظ کے دن کے موضوع "گلیشیر پریزرویشن” پر روشنی ڈالی گئی۔ مقررین نے آبی وسائل کے تحفظ کی اہمیت پر زور دیا اور پانی کے ضیاع کو روکنے کے لیے اقدامات کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔
ڈیفنس آفیسر وقار اکبر نے کہا کہ آبی وسائل کے تحفظ کے لیے ہر ایک کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔ انہوں نے عوام میں شعور کی آگاہی کی ضرورت پر زور دیا۔ اس موقع پر اسٹنٹ ڈائریکٹر محکمہ تحفظ ماحولیات و موسمیاتی تبدیلی انجینئر جہانتاب، ڈسٹرکٹ سول ڈیفنس آفیسر وقار اکبر، چیف انسٹرکٹر سول ڈیفنس محمد اقبال جاوید اختر، سینئر وائس پریذیڈنٹ بار، میڈم سمعیہ بتول اور دیگر مقررین نے پانی کی اہمیت اور اس کے ضیاع کو روکنے کے لیے پوری دنیا میں ہونے والے اقدامات پر روشنی ڈالی۔
تقریب کے اختتام پر آگاہی واک اور شجرکاری مہم کے سلسلے میں پودے بھی لگائے گئے۔