اوکاڑہ (نامہ نگار ملک ظفر) پاکستان عام آدمی پارٹی (س) کی جانب سے بھارتی جارحیت کے منہ توڑ جواب اور دشمن کو اس کے گھر میں گھس کر شکست دینے والے پاک فوج کے شاہینوں سے اظہارِ تشکر کے لیے ایک شاندار ریلی نکالی گئی۔ ریلی کی قیادت پارٹی کے ساہیوال ڈویژن کے سینئر صدر راجہ سلیم عابد نے کی، جبکہ پارٹی چیئرمین سید سجاد حسین شاہ گیلانی اور سندھ کے سینئر صدر شیخ ثمر احمد بھی شریک تھے۔
ریلی پارٹی کے مرکزی دفتر 1/4 ایل سفاری ولاز اوکاڑہ سے بینڈ باجوں اور جوشیلے نعروں کے ساتھ روانہ ہوئی اور اوکاڑہ کینٹ پہنچی، جہاں پاک فوج کے جوانوں نے بھی نعروں کا جواب دے کر ریلی کے شرکاء کا والہانہ انداز میں خیرمقدم کیا۔
اس موقع پر پارٹی عہدے داران مخدوم فقیر حسین، مخدوم وزیر علی، رائے زاہد قبال، رائے جاوید اقبال، چوہدری آصف علی جٹ، چوہدری خوشی محمد جٹ، ریاض احمد غفاری، علی ظہور پپو، رانا مقبول احمد، رانا رضوان، رانا رمضان اور یوتھ ونگ کے صدر راجہ سمیع اللہ کیانی نے بھرپور شرکت کی۔
ریلی کے دوران بھارت مخالف شدید نعرے بازی کی گئی اور شرکاء ایک دوسرے کو مبارکباد دے کر مٹھائیاں تقسیم کرتے رہے۔ شرکاء کا کہنا تھا کہ پاک فوج نے ایک بار پھر ثابت کر دیا ہے کہ وطن کے دفاع کے لیے ہمہ وقت تیار ہے اور دشمن کو کسی صورت معاف نہیں کیا جائے گا۔








