اوکاڑہ (نامہ نگار ملک ظفر) اسسٹنٹ کمشنر چوہدری رب نواز نے رات کے پچھلے پہر ڈی ایچ کیو سٹی ہسپتال کا اچانک دورہ کر کے ایمرجنسی سمیت مختلف شعبہ جات کی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا۔ دورے کے دوران انہوں نے سٹاف کی حاضری، ڈیوٹی روسٹر، ادویات کے اسٹاک، ایئرکنڈیشنرز کی فعالیت اور صفائی ستھرائی کے انتظامات کا معائنہ کیا۔
اسسٹنٹ کمشنر نے ہدایت کی کہ ہسپتال کی فارمیسی کے باہر سرکاری طور پر فراہم کی جانے والی مفت ادویات کی فہرستیں نمایاں طور پر آویزاں کی جائیں تاکہ مریضوں کو آگاہی حاصل ہو۔ انہوں نے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ کو سختی سے ہدایت کی کہ تمام وارڈز اور ان سے ملحقہ واش رومز کی باقاعدگی سے صفائی کی جائے اور مریضوں کو اعلیٰ معیار کی طبی سہولیات مہیا کرنے کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں۔
چوہدری رب نواز نے مزید کہا کہ عوامی شکایات کے فوری ازالے کے لیے ایک مؤثر شکایتی نظام وضع کیا جائے تاکہ ہسپتال میں آنے والے افراد کو درپیش مسائل کا بروقت حل ممکن ہو سکے۔ انہوں نے واضح کیا کہ ڈی ایچ کیو سٹی ہسپتال میں صحت کی سہولیات کی فراہمی کے عمل کی مسلسل نگرانی کی جائے گی اور غفلت یا لاپروائی کے مرتکب عملے کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
انہوں نے عزم ظاہر کیا کہ ضلعی انتظامیہ عوام کو صحت کی معیاری سہولیات کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے ہر ممکن اقدامات جاری رکھے گی اور سرکاری اداروں میں کارکردگی کو بہتر بنانے کے لیے اچانک معائنے بھی جاری رہیں گے۔