اوکاڑہ (نامہ نگار ملک ظفر) ڈپٹی کمشنر احمد عثمان جاوید کی ہدایت پر اسسٹنٹ کمشنر فیصل ولید نے دریائے ستلج میں پانی کی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا اور اٹاری کے مقام پر قائم فلڈ ریلیف کیمپ میں انتظامات کا معائنہ کیا۔ اس دورے کا مقصد سیلاب کی ممکنہ صورتحال میں عوام کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانا تھا۔
اسسٹنٹ کمشنر نے اٹاری میں پانی کے بہاؤ کو خود دیکھا اور ریلیف کیمپ میں فراہم کی جانے والی سہولیات کا جائزہ بھی لیا۔ انہوں نے کیمپ میں موجود ابتدائی طبی امداد، میڈیکل سہولیات، جانوروں کے لیے ادویات اور چارے کے بندوبست کو چیک کیا۔
اس موقع پر ریسکیو حکام نے انہیں بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ہیڈ گنڈا سنگھ والا پر پانی کا اخراج 67 ہزار کیوسک ہے جبکہ ہیڈ سلیمانکی پر پانی کی آمد 60 ہزار اور اخراج 50 ہزار کیوسک ہے۔ حکام نے بتایا کہ فی الحال دریائے ستلج میں نچلے درجے کی سیلابی صورتحال ہے۔
اسسٹنٹ کمشنر فیصل ولید نے اس موقع پر کہا کہ دریائے ستلج میں سیلابی صورتحال کے دوران عوام کے جان و مال کا تحفظ اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ سیلاب سے متاثر ہونے والے افراد کو کھانے، پینے اور طبی امداد سمیت تمام ضروری سہولیات فراہم کرنے کے لیے ہر ممکن اقدام کیا جائے۔ انہوں نے ریسکیو اہلکاروں پر زور دیا کہ وہ دریائی علاقے سے لوگوں کے باحفاظت انخلاء کو یقینی بنائیں اور کشتیوں میں لوگوں کی نقل و حمل کے لیے تمام حفاظتی اقدامات (ایس او پیز) پر مکمل عمل کریں۔
انہوں نے فلڈ ریلیف کیمپس کے عملے کو بھی ہدایت کی کہ وہ دیے گئے اوقات کار کے مطابق اپنی ڈیوٹیاں سرانجام دیں اور کسی قسم کی غفلت کا مظاہرہ نہ کریں۔ انہوں نے کہا کہ سیلابی صورتحال سے نمٹنے کے لیے پنجاب ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) کی ہدایات پر سختی سے عمل کیا جائے گا۔







