اوکاڑہ(نامہ نگارملک ظفر) دریائے راوی میں اونچے درجے کے سیلاب کے خدشے کے پیش نظر، اسسٹنٹ کمشنر انعم علی خان نے فلڈ ریلیف کیمپس کا دورہ کیا اور وہاں فراہم کی جانے والی سہولیات کا جائزہ لیا۔ انہوں نے موضع موپالکے، بامہ بالا اور چوچک میں قائم کیے گئے ریلیف کیمپس میں انتظامات کا معائنہ کیا۔
دورے کے دوران، انہوں نے کیمپس میں موجود سٹاف کی حاضری بھی چیک کی اور انہیں محنت اور لگن سے کام کرنے کی ہدایت کی۔ اسسٹنٹ کمشنر نے کہا کہ سیلاب سے متاثرہ افراد کی مدد کے لیے قائم کیے گئے ان کیمپس میں ڈیوٹی پر مامور عملہ مکمل طور پر الرٹ رہے۔
انہوں نے واضح ہدایات جاری کیں کہ سیلاب متاثرین کو تمام ضروری سہولیات فراہم کی جائیں۔ ان میں متاثرین کے لیے کھانے پینے کی اشیاء اور ان کے جانوروں کے لیے چارے کا مکمل انتظام شامل ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ ان انتظامات میں کسی قسم کی کمی نہیں آنی چاہیے۔








