اوکاڑہ (نامہ نگار ملک ظفر)ضلع اوکاڑہ کے تھانہ چوچک کے علاقے موضع بازید پور میں ایک 12 سالہ بچی سے مبینہ جنسی زیادتی کا افسوسناک واقعہ پیش آیا ہے۔ پولیس نے ملزم کو گرفتار کر لیا ہے اور مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی ہے۔
تفصیلات کے مطابق متاثرہ بچی، جو موضع بازید پور کی رہائشی خاتون کلثوم کی بیٹی ہے، اپنے گھر کے قریب مویشیوں کو چارہ ڈالنے گئی تھی۔ اس دوران ملزم علی حسنین نے بچی کو زبردستی پکڑ کر قریبی جھونپڑی میں لے جا کر مبینہ طور پر جنسی زیادتی کا نشانہ بنایا۔
جب علاقے کے لوگوں نے شور سنا اور جھونپڑی کی طرف بڑھے تو ملزم موقع سے فرار ہو گیا۔ متاثرہ بچی کی ماں کلثوم نے فوری طور پر تھانہ چوچک پہنچ کر واقعے کی اطلاع دی اور اپنی بیٹی کے ساتھ ہونے والے ظلم کی شکایت درج کروائی۔
پولیس نے بچی کی ماں کی درخواست پر مقدمہ نمبر 669/25 درج کر لیا اور فوری کارروائی کرتے ہوئے ملزم علی حسنین کو گرفتار کر لیا۔ پولیس نے ملزم کو حراست میں لے کر تفتیش شروع کر دی ہے اور مقدمے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔
یہ واقعہ علاقے میں شدید غم و غصے کا باعث بنا ہے اور لوگ ملزم کے خلاف سخت ترین سزا کا مطالبہ کر رہے ہیں۔ پولیس کا کہنا ہے کہ قانون کے مطابق ملزم کو جلد عدالت کے سامنے پیش کیا جائے گا۔








