اوکاڑہ (نامہ نگار ملک ظفر) ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو محمد ابراہیم ارباب نے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال سٹی کا دورہ کرتے ہوئے ہسپتال میں موجود طبی سہولیات، صفائی ستھرائی اور فارمیسی میں ادویات کے سٹاک کا تفصیلی جائزہ لیا۔ دورے کے دوران انہوں نے مختلف وارڈز کا معائنہ کیا اور مریضوں کی عیادت کرتے ہوئے ان سے فراہم کردہ سہولیات کے بارے میں دریافت کیا۔
ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر نے ہسپتال کے صفائی عملے کو ہدایت کی کہ مون سون کے دوران صفائی کے انتظامات میں کسی قسم کی غفلت نہ برتی جائے اور روزانہ کی بنیاد پر صفائی کو یقینی بنایا جائے تاکہ بیماریاں پھیلنے کا خدشہ کم ہو۔ انہوں نے فارمیسی کا معائنہ کرتے ہوئے ادویات کی دستیابی اور سٹاک کی موجودگی کا بھی جائزہ لیا۔
اس موقع پر محمد ابراہیم ارباب نے کہا کہ ہسپتال کا عملہ بالخصوص ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل سٹاف عوامی خدمت کے جذبے سے سرشار ہو کر مریضوں کے علاج معالجے میں بھرپور محنت کریں۔ انہوں نے زور دیا کہ حکومت پنجاب کی ہدایات کے مطابق مریضوں کو بہترین طبی سہولیات کی فراہمی کو ہر صورت ممکن بنایا جائے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہسپتالوں میں جاری سہولیات کی فراہمی کے سلسلے میں چیکنگ کا عمل تسلسل سے جاری رکھا جائے گا تاکہ عوام کو صحت کی بنیادی سہولیات بروقت اور موثر انداز میں فراہم کی جا سکیں۔