اوکاڑہ (نامہ نگار ملک ظفر) سماجی کارکن ملک خالد یعقوب نے حالیہ شدید بارشوں کے دوران اوکاڑہ کی ضلعی انتظامیہ کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے اسے مثالی قرار دیا ہے۔ انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ ڈپٹی کمشنر احمد عثمان جاوید، اسسٹنٹ کمشنر رب نواز، ڈی پی او راشد ہدایت، اور ریسکیو 1122 کی ٹیموں نے جس ذمہ داری اور تندہی سے فرائض انجام دیے، وہ لائقِ تحسین ہیں۔

ملک خالد یعقوب کے مطابق بارش کے دوران شہر کے مختلف علاقوں، خصوصاً نشیبی محلوں میں پانی جمع ہونے کے باوجود ضلعی افسران خود فیلڈ میں موجود رہے۔ انہوں نے متاثرہ علاقوں کے دورے کیے، صورتحال کا جائزہ لیا اور موقع پر فوری اقدامات کے ذریعے شہریوں کو ریلیف فراہم کیا۔ انہوں نے کہا کہ "یہ پہلا موقع ہے جب افسران دفاتر میں بیٹھنے کے بجائے عملی طور پر عوام کے درمیان موجود نظر آئے اور عوامی مسائل کو اپنی نگرانی میں حل کروایا۔”

انہوں نے ریسکیو 1122 کی خدمات کو خاص طور پر سراہتے ہوئے کہا کہ ان کی ٹیموں نے نہ صرف پانی کی نکاسی اور ٹریفک کنٹرول میں اہم کردار ادا کیا بلکہ متاثرہ شہریوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے اور زخمیوں کو بروقت طبی امداد فراہم کرنے میں بھی غیر معمولی خدمات سرانجام دیں۔

ملک خالد یعقوب نے حکومتِ پنجاب سے مطالبہ کیا کہ ایسے فرض شناس اور عوام دوست افسران کی نہ صرف حوصلہ افزائی کی جائے بلکہ اوکاڑہ انتظامیہ کو دیگر اضلاع کے لیے ماڈل کے طور پر پیش کیا جائے تاکہ پورے صوبے میں عوامی خدمت کو فوقیت دی جا سکے۔

ان کا مزید کہنا تھا: "جب عوام اور انتظامیہ مل کر کام کریں تو کسی بھی آزمائش کا مقابلہ آسان ہو جاتا ہے۔ ہمیں چاہیے کہ ہم ایسے افسران کا ساتھ دیں جو ہماری سلامتی اور سہولت کے لیے دن رات محنت کر رہے ہیں۔

Shares: