اوکاڑہ( نامہ نگار ملک ظفر)ڈپٹی کمشنر احمد عثمان جاوید اور ڈی پی او محمد راشد ہدایت کی زیر صدارت ضلعی امن کمیٹی کا اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں متعلقہ محکموں کے افسران، علمائے کرام اور امن کمیٹی کے ممبران نے شرکت کی۔

اس موقع پر امن و امان کو فروغ دینے کے لیے مشترکہ کاوشوں کی پالیسی پر زور دیا گیا اور شرانگیزی، فتنہ انگیزی سے متحد ہو کر برسر پیکار ہونے کا فیصلہ کیا گیا۔

ڈپٹی کمشنر احمد عثمان جاوید نے کہا کہ امن و امان کی داخلی و خارجی صورتحال کے پیش نظر مثالی اتحاد کو فروغ دینے کی ضرورت ہے۔ اللہ تعالیٰ نے وطن عزیز کی شکل میں بہترین تحفہ عطا کیا ہے۔ پاکستان میں امن و امان اور اس کی حفاظت ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ حب الوطنی کے جذبے کے تحت تمام سٹیک ہولڈرز نے ہمیشہ بہترین مظاہرہ کیا ہے۔

ڈی پی او محمد راشد ہدایت نے کہا کہ معاشرے کی بہتری اور جرائم کے خاتمے کے لیے سب متحد ہو جائیں۔ شر پسندی کے خلاف صفوں میں اتحاد پیدا کرنا ہوگا۔ کسی کو فتنہ انگیزی اور انتشار کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

علمائے کرام اور امن کمیٹی کے ممبران نے قیام امن کے لیے اپنے بھرپور تعاون کی یقین دہانی کرائی۔

Shares: