اوکاڑہ (باغی ٹی وی، نامہ نگار ملک ظفر)ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو محمد ابراہیم ارباب کی زیر صدارت ڈسٹرکٹ ایمرجنسی رسپانس کمیٹی کا اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں محکمہ صحت سمیت تمام متعلقہ اداروں کے افسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں انسدادِ ڈینگی مہم کے تحت جاری اقدامات، ڈینگی سرویلنس، ہاٹ سپاٹس کی چیکنگ، اور انسپیکشن اہداف کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر محمد ابراہیم ارباب نے ہدایت کی کہ مون سون کے دوران ڈینگی سرویلنس کو مزید مؤثر اور مربوط بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ بارشی پانی کے جمع ہونے سے ڈینگی مچھر کی افزائش ہوتی ہے، اس لیے نکاسی آب کو یقینی بنایا جائے اور کسی بھی مقام پر پانی کھڑا نہ ہونے دیا جائے۔

انہوں نے متعلقہ اداروں کو تاکید کی کہ حکومت پنجاب کی جانب سے طے کردہ انسپیکشن ٹارگٹس کو ہر صورت مکمل کیا جائے اور کارروائیوں کا ریکارڈ باقاعدگی سے ڈیش بورڈ پر اپلوڈ کیا جائے۔ ڈینگی سکواڈ کو متحرک کرنے اور موذوں مقامات پر مسلسل چیکنگ کو یقینی بنانے کی ہدایت بھی دی گئی تاکہ ڈینگی لاروا کو پنپنے کا موقع نہ ملے۔

ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر نے انسداد ڈینگی مہم میں تھرڈ پارٹی ویلیڈیشن کے عمل کو بھی تسلسل سے جاری رکھنے پر زور دیا تاکہ شفافیت اور کارکردگی کا درست اندازہ لگایا جا سکے۔ اجلاس میں انسداد ڈینگی کے لیے تمام محکموں کے مابین بھرپور تعاون کی ضرورت پر بھی اتفاق کیا گیا۔

Shares: