اوکاڑہ (نامہ نگار ملک ظفر)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے تحت نوجوانوں میں کھیلوں کے فروغ کے لیے اقدامات جاری ہیں۔ اسی سلسلے میں ڈپٹی کمشنر اوکاڑہ احمد عثمان جاوید نے تھائی لینڈ میں ہونے والی ایشین انڈر 16 والی بال چیمپئن شپ میں فتح حاصل کرنے والے کھلاڑی علی احمد کے اعزاز میں زبردست استقبالیہ تقریب منعقد کی۔

علی احمد، جو نواحی علاقہ 37 فور ایل سے تعلق رکھتے ہیں، جب اوکاڑہ بائی پاس پہنچے تو سیکیورٹی اسکواڈ کے ہمراہ انہیں ڈپٹی کمشنر آفس لایا گیا۔ ڈی سی آفس میں ڈپٹی کمشنر احمد عثمان جاوید نے علی احمد کا پھولوں کا گلدستہ پیش کر کے شاندار کامیابی پر مبارکباد دی۔ اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فنانس اینڈ پلاننگ چوہدری عبدالجبار گجر، ڈسٹرکٹ سپورٹس آفیسر محمد اشفاق احمد، علی احمد کے استاد اور اہل علاقہ بھی موجود تھے۔

علی احمد نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ ایشین چیمپئن شپ میں کامیابی اللہ کے فضل اور قوم کی دعاؤں کا نتیجہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ دفاعی چیمپئن ایران کو شکست دینا ایک تاریخی لمحہ تھا۔

ڈپٹی کمشنر احمد عثمان جاوید نے اعلان کیا کہ علی احمد کو ڈی پی ایس اینڈ کالجز میں مکمل اسکالرشپ دی جائے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ قومی اور ضلعی سطح پر کھیلوں کو فروغ دینے کے لیے حکومت پرعزم ہے، اور تمام کھلاڑیوں کو بھرپور تعاون فراہم کیا جائے گا تاکہ نوجوان نسل صحت مند سرگرمیوں کی طرف راغب ہو۔

Shares: