اوکاڑہ (نامہ نگار ملک ظفر) اسسٹنٹ کمشنر اوکاڑہ احمد شیر گوندل نے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر (ڈی ایچ کیو) ساؤتھ سٹی ہسپتال کا اچانک دورہ کیا اور مریضوں کو دستیاب طبی سہولیات کی چیکنگ کی۔ انہوں نے پیشنٹ مینجمنٹ، پبلک سروس ڈلیوری اور ہسپتال کے مجموعی نظام کا تفصیلی جائزہ لیا۔
دورے کے دوران اسسٹنٹ کمشنر نے ہسپتال کے مختلف وارڈز، ایمرجنسی، آؤٹ ڈور پیٹینٹ ڈیپارٹمنٹ (او پی ڈی) اور رجسٹریشن کاؤنٹرز کا معائنہ کیا۔ انہوں نے مریضوں سے بات چیت کی اور انہیں فراہم کی جانے والی سہولیات کے بارے میں براہ راست معلومات حاصل کیں۔
احمد شیر گوندل نے ہسپتال انتظامیہ کو واضح ہدایات جاری کیں کہ مریضوں کے ساتھ حسنِ سلوک کیا جائے، بروقت علاج یقینی بنایا جائے اور تمام ضروری طبی سہولیات ہر وقت دستیاب رہیں۔ انہوں نے صفائی ستھرائی، ادویات کی بروقت فراہمی اور عملے کی حاضری پر بھی خصوصی زور دیا۔
اسسٹنٹ کمشنر نے کہا کہ عوام کو معیاری طبی سہولیات فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے، اس لیے تمام سٹاف وقت کی پابندی اور فرائض کی ادائیگی میں کسی قسم کی کوتاہی نہ برتے۔ انہوں نے پیشنٹ مینجمنٹ اور پبلک سروس ڈلیوری کے عمل کو مسلسل اور بہتر بنانے کی ہدایت کی اور خبردار کیا کہ کسی بھی سطح پر غفلت یا کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔








