اوکاڑہ (نامہ نگار ملک ظفر) ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو محمد شوجین وسٹرو نے اسسٹنٹ کمشنر چوہدری رب نواز کے ہمراہ بابا فرید شوگر مل کا دورہ کیا اور چینی کے سٹاک کی دستیابی کا جائزہ لیا۔ مل انتظامیہ کے مطابق اس وقت 12,600 میٹرک ٹن چینی کا ذخیرہ موجود ہے اور کسی قسم کی قلت کا سامنا نہیں۔ اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ عوام کے لیے وافر مقدار میں چینی موجود ہے، تاہم ذخیرہ اندوزی اور اوور چارجنگ کی کسی صورت اجازت نہیں دی جائے گی۔
انہوں نے واضح کیا کہ حکومت پنجاب کی ہدایت کے مطابق چینی کی مصنوعی قلت پیدا کرنے یا بلیک مارکیٹنگ میں ملوث عناصر کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ ایسے عناصر کے خلاف مقدمات درج کیے جائیں گے اور ان کے چینی کے ذخائر ضبط کیے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ عوامی مفاد کو مقدم رکھتے ہوئے مہنگائی کے ذمہ داروں کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔