اوکاڑہ (نامہ نگار ملک ظفر)پنجاب بھر کے اضلاع کے "کے پی آئیز” کی رینکنگ جاری کر دی گئی ہے، جس میں ضلع اوکاڑہ نے ڈپٹی کمشنر احمد عثمان جاوید کی قیادت میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے دوسری پوزیشن حاصل کر لی۔ اس اعزاز کے ساتھ اوکاڑہ نے بورڈ آف ریونیو کے انڈیکٹرز میں پنجاب بھر کے اضلاع کو پیچھے چھوڑ دیا۔
ڈپٹی کمشنر احمد عثمان جاوید نے کہا کہ یہ کامیابی ضلع کی ٹیم کی انتھک محنت، مؤثر حکمت عملی اور عوامی مسائل کے بروقت حل کا نتیجہ ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ضلعی ٹیم نے اہداف کے حصول کے لیے مسلسل رابطہ کاری، مانیٹرنگ اور عوامی شکایات کے فوری ازالے کو یقینی بنایا، جس کی بدولت اوکاڑہ کی کارکردگی نمایاں رہی۔
ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو محمد شعجین وسطرو، اسسٹنٹ کمشنرز اور دیگر افسران و فیلڈ اسٹاف کو اس شاندار کامیابی پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ضلعی انتظامیہ مستقبل میں بھی عوامی فلاح و بہبود کے منصوبوں کو اسی جذبے اور لگن کے ساتھ کامیابی سے ہمکنار کرے گی۔ انہوں نے عزم ظاہر کیا کہ آئندہ کے پی آئی رینکنگ میں مزید بہتری لا کر پہلی پوزیشن کا حصول یقینی بنایا جائے گا۔
ڈپٹی کمشنر نے تمام متعلقہ افسران اور ٹیم کے ممبران کو مبارکباد پیش کی اور امید ظاہر کی کہ ضلع کی ٹیم مستقبل میں بھی عوامی خدمت کے جذبے کے تحت بہترین کارکردگی دکھاتی رہے گی۔








