اوکاڑہ (نامہ نگار ملک ظفر) رینالہ خورد بائی پاس کے قریب واقع کھڑے پانی سے ماں اور بیٹے کی لاشیں ملنے پر علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق متوفیہ کی شناخت چک امیر سنگھ، پاکپتن کی رہائشی معافیہ بی بی اور اس کے بیٹے کے طور پر ہوئی ہے، جن کی لاشیں کھڑے پانی سے برآمد کی گئیں۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 کی ٹیم فوری طور پر موقع پر پہنچ گئی اور سرچ آپریشن کے بعد دونوں لاشیں نکال کر ابتدائی کارروائی مکمل کی۔ نعشیں مقامی پولیس کی موجودگی میں ٹی ایچ کیو ہسپتال منتقل کر دی گئیں۔
پولیس نے واقعے کی تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے اور سائنسی بنیادوں پر شواہد جمع کیے جا رہے ہیں تاکہ یہ طے کیا جا سکے کہ یہ حادثہ ہے یا کسی جرم کا نتیجہ۔ حتمی حقائق پوسٹ مارٹم رپورٹ اور تفتیش مکمل ہونے کے بعد سامنے آئیں گے۔
علاقہ مکینوں نے واقعے پر دکھ کا اظہار کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ اصل محرکات جلد از جلد سامنے لائے جائیں اور اگر کسی نے یہ سانحہ جان بوجھ کر کیا ہے تو اسے قانون کے مطابق سخت سزا دی جائے۔