اوکاڑہ (نامہ نگار ملک ظفر)محکمہ تحفظ جنگلی حیات اوکاڑہ نے ایک بڑی کارروائی کرتے ہوئے بھاری تعداد میں نایاب بھورے جنگلی تیتر برآمد کر لیے۔ یہ کارروائی اسسٹنٹ چیف وائلڈ لائف رینجر شہباز انور مان کی ہدایت پر عمل میں لائی گئی، جس میں سینئر رینجر آفیسر رائے اعجاز احمد، میاں طارق عزیز، محمد مشتاق احمد اور محمد عمران خان پر مشتمل وائلڈ لائف ٹیم نے حصہ لیا۔

کارروائی کے دوران اوکاڑہ کے رہائشی مشتاق عرف بگی کے گھر پر قانونی سرچ وارنٹ کے تحت چھاپہ مارا گیا، جہاں سے بڑی تعداد میں جنگلی تیتر برآمد ہوئے۔ تاہم ملزم وائلڈ لائف رینجر عملے کو دیکھتے ہی موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا۔

محکمہ وائلڈ لائف نے تمام برآمد شدہ پرندے مالِ مقدمہ کے طور پر اپنی تحویل میں لے کر قانونی کارروائی مکمل کی اور مقدمہ عدالتِ اسپیشل جوڈیشل مجسٹریٹ اوکاڑہ میں پیش کر دیا گیا۔

اس موقع پر شہباز انور مان نے کہا کہ جنگلی جانوروں اور پرندوں کے تحفظ کے لیے وائلڈ لائف ایکٹ کے تحت کارروائیاں جاری رہیں گی، اور قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف کسی قسم کی رعایت نہیں برتی جائے گی۔

Shares: