اوکاڑہ (نامہ نگار ملک ظفر)پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما اور خادمِ اوکاڑہ چوہدری فیاض ظفر نے کہا ہے کہ حالیہ بارشوں کے دوران ضلعی انتظامیہ کے تعاون سے عوام کو ہر ممکن ریلیف فراہم کیا گیا، اور یہ خدمت کا سلسلہ آئندہ بھی جاری رہے گا۔ وہ ایک وفد سے گفتگو کر رہے تھے جو بارشوں کے بعد کی صورت حال پر تبادلہ خیال کے لیے ان سے ملا۔
چوہدری فیاض ظفر نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) نے ہمیشہ عوامی مسائل کو اپنی اولین ترجیح بنایا ہے اور مشکل کی ہر گھڑی میں عوام کے ساتھ کھڑے ہیں۔ "بارش ہو یا آفت، دن ہو یا رات — ہمارے دروازے اپنی عوام کے لیے ہمیشہ کھلے ہیں، کیونکہ ہم سیاست کو عبادت اور خدمت کا ذریعہ سمجھتے ہیں۔”
انہوں نے ضلعی انتظامیہ، ریسکیو 1122، ٹی ایم اے، اور دیگر متعلقہ اداروں کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے دن رات محنت کر کے متاثرہ علاقوں میں ریلیف پہنچایا اور پانی کے نکاس کے عمل کو تیز تر بنایا۔ چوہدری فیاض ظفر نے کہا کہ شہری اور دیہی علاقوں میں جہاں جہاں نکاسی آب کا مسئلہ سامنے آیا، وہاں فوری طور پر اقدامات اٹھائے گئے تاکہ لوگ کسی بڑی پریشانی سے دوچار نہ ہوں۔
انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ قدرتی آفات کے دوران صبر و تحمل سے کام لیں اور حکومتی اداروں سے بھرپور تعاون کریں۔ چوہدری فیاض ظفر نے یہ بھی اعلان کیا کہ وہ ایک جامع حکمتِ عملی کے تحت بارش کے پانی کے دیرپا نکاس اور زرعی زمینوں کے تحفظ کے لیے جلد اعلیٰ حکام کو سفارشات پیش کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ "ہمیں جو عوامی اعتماد اور محبت ملی ہے، وہ ہمارا اصل سرمایہ ہے، اور اس خدمت کا سفر تب تک جاری رہے گا جب تک ہر شہری کو سہولت، تحفظ اور عزت کا مکمل حق نہیں مل جاتا۔ عوام کی خدمت ہی ہمارا منشور، مقصد اور سیاست کا اصل چہرہ ہے۔”