اوکاڑہ (نامہ نگار ملک ظفر) اوکاڑہ میں گورنمنٹ گرلز کالج کی طالبات نے بھارت کی ریاست بہار کے وزیر اعلیٰ نتیش کمار کی جانب سے حجاب کی مبینہ بے حرمتی کے خلاف شدید احتجاجی مظاہرہ کیا۔ مظاہرین نے واقعے کو خواتین کے احترام اور مذہبی آزادی پر حملہ قرار دیا۔
تفصیلات کے مطابق سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ایک ویڈیو میں ایک خاتون کے ساتھ نامناسب رویہ دکھایا گیا، جس میں وہ واضح طور پر بے چینی محسوس کرتی نظر آتی ہیں جبکہ مبینہ طور پر بہار کے وزیر اعلیٰ نے خاتون کے حجاب کو چہرے سے نیچے کی جانب کھینچا۔ اس واقعے پر دنیا بھر میں مسلمانوں کے جذبات مجروح ہونے کی اطلاعات سامنے آئی ہیں۔
گورنمنٹ گرلز کالج اوکاڑہ کی پرنسپل انیلا افضال نے کہا کہ ویڈیو میں نظر آنے والا عمل انتہائی قابلِ مذمت ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ حجاب عورت کی عزت اور شناخت کی علامت ہے اور اس کی توہین کسی صورت برداشت نہیں کی جا سکتی۔
احتجاج کے دوران طالبات نے پلے کارڈز اور بینرز اٹھا رکھے تھے جن پر حجاب کے تقدس کے حق میں نعرے درج تھے۔ مظاہرین نے مطالبہ کیا کہ واقعے کی شفاف تحقیقات کی جائیں اور مذہبی اقدار و خواتین کے احترام کو یقینی بنایا جائے۔
طالبات اور کالج انتظامیہ نے عالمی برادری اور انسانی حقوق کی تنظیموں سے بھی مطالبہ کیا کہ وہ اس معاملے کا نوٹس لیں۔ آخر میں مظاہرین نے پرامن احتجاج کرتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ مذہبی آزادی اور خواتین کے وقار کے تحفظ کے لیے اپنی آواز بلند کرتی رہیں گی۔








