اوکاڑہ (نامہ نگار ملک ظفر) ڈپٹی کمشنر اوکاڑہ احمد عثمان جاوید کی زیر صدارت منعقدہ ایک اہم اجلاس میں آٹے اور روٹی کی کنٹرول ریٹ پر فراہمی یقینی بنانے کے لیے سخت اقدامات کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فنانس اینڈ پلاننگ چوہدری عبدالجبار گجر، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل علیزہ ریحان، اسسٹنٹ کمشنر چوہدری رب نواز اور پرائس کنٹرول مجسٹریٹس نے شرکت کی۔
ڈپٹی کمشنر احمد عثمان جاوید نے آٹے کی ذخیرہ اندوزی کرنے والے ڈیلرز اور دکانداروں کے خلاف سخت کارروائی کرنے کا عندیہ دیتے ہوئے کہا کہ ذخیرہ اندوزی کرنے والوں کے گرد گھیرا تنگ کیا جائے گا۔ انہوں نے پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کو ہدایت کی کہ وہ عوام کو مقررہ نرخوں پر آٹا اور روٹی کی فروخت یقینی بنانے کے لیے فیلڈ میں موجود رہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ 10 کلو آٹے کا تھیلا 905 روپے اور 20 کلو کا تھیلا 1810 روپے میں فروخت کیا جائے۔
ڈپٹی کمشنر نے واضح کیا کہ پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کی کارکردگی کی روزانہ کی بنیاد پر مانیٹرنگ کی جائے گی۔ آٹے کی ذخیرہ اندوزی کرنے والے ڈیلرز اور دکانداروں پر بھاری جرمانے عائد کیے جائیں گے اور جرمانہ ادا نہ کرنے والوں کے خلاف مقدمات درج کر کے انہیں گرفتار کروایا جائے گا۔ انہوں نے دکانداروں کو ہدایت کی کہ آٹے کے نرخوں کی فہرست نمایاں جگہوں پر آویزاں کی جائے اور مقرر کردہ ریٹ اور وزن کے مطابق فروخت پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔








