اوکاڑہ ،باغی ٹی وی(نامہ نگار ملک ظفر) ڈپٹی کمشنر احمد عثمان جاوید نے رات گئے بغیر اطلاع کے ڈی ایچ کیو ہسپتال سٹی اوکاڑہ کا اچانک دورہ کیا، جہاں انہوں نے مختلف وارڈز میں زیر علاج مریضوں سے دستیاب طبی سہولیات کے بارے میں دریافت کیا اور ہسپتال انتظامیہ کو علاج معالجہ کی سہولیات کی فراہمی میں تسلسل برقرار رکھنے کی ہدایت کی۔
ڈپٹی کمشنر نے ہسپتال کی فارمیسی کا بھی معائنہ کیا اور مریضوں کو فراہم کی جانے والی ادویات کے سٹاک اور معیار کی جانچ کی۔ اس موقع پر ان کا کہنا تھا کہ پنجاب حکومت کی اولین ترجیح ہے کہ سرکاری ہسپتالوں میں مریضوں کو معیاری اور مؤثر طبی سہولیات مہیا کی جائیں۔
احمد عثمان جاوید نے ہدایت کی کہ مریضوں کی دیکھ بھال اور نگہداشت میں کسی قسم کی غفلت نہ برتی جائے اور ہسپتال انتظامیہ طبی سہولیات کی فراہمی کے تمام امور کی کڑی نگرانی یقینی بنائے تاکہ عوام کو سرکاری سطح پر بہترین علاج میسر آ سکے۔