اوکاڑہ (نامہ نگار ملک ظفر) حکومت پنجاب کی ہدایات پر عمل درآمد کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر احمد عثمان جاوید نے شہر کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا۔ ان کے ہمراہ اسسٹنٹ کمشنر چوہدری رب نواز، سیکرٹری ڈی آر ٹی اے آصف یاسین اور سب ڈویژنل انفورسمنٹ آفیسر وسیم جاوید بھی موجود تھے۔
ڈپٹی کمشنر نے جنرل بس سٹینڈ پر مسافروں کو درپیش سہولیات کا جائزہ لیا اور فوری بہتری کے احکامات جاری کیے۔ انہوں نے نئے شیڈز، ویٹنگ رومز اور پینے کے صاف پانی کے انتظامات کی ہدایت دی تاکہ عوام کو بہتر سفری سہولیات فراہم کی جا سکیں۔
فیصل آباد روڈ پر صفائی ستھرائی کے ناقص انتظامات اور سڑک کے اطراف کھڑے پانی کی شکایت پر ڈپٹی کمشنر نے نکاسی آب کے موثر انتظامات کرنے کی ہدایات دیں۔ انہوں نے میونسپل کمیٹی حکام کو ان امور کی براہِ راست نگرانی کا حکم بھی دیا۔
دورے کے دوران صدر بازار اور گول چوک میں انسداد تجاوزات آپریشن کی بھی نگرانی کی گئی، جہاں عارضی تجاوزات کرنے والے دکانداروں کا سامان قبضہ میں لے لیا گیا۔
ڈپٹی کمشنر احمد عثمان جاوید نے واضح کیا کہ عوامی سہولت کے پیش نظر انسداد تجاوزات مہم کو منطقی انجام تک پہنچایا جائے گا اور حکومتی ہدایات کی خلاف ورزی کرنے والوں سے کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ شہر کو صاف، منظم اور شہریوں کے لیے آسان بنانے کے لیے تمام متعلقہ ادارے فعال کردار ادا کریں۔