اوکاڑہ(نامہ نگارملک ظفر) ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (ریونیو) محمد شجین وسطرو کی زیر صدارت ڈسٹرکٹ اوورسیز کمیٹی کا ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں سمندر پار پاکستانیوں کو درپیش مسائل کے حل کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں تمام متعلقہ محکموں کے افسران بھی شریک تھے۔

اجلاس کے دوران اوورسیز پاکستانیوں کی جانب سے پیش کیے گئے مختلف کیسز پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر نے تمام کیسز کو فوری طور پر حل کرنے کے احکامات جاری کیے۔ انہوں نے اس موقع پر کہا کہ سمندر پار پاکستانی ہمارے لیے ایک قیمتی اثاثہ ہیں، اور ان کے جان و مال اور جائیدادوں کے تحفظ کو یقینی بنانا ہماری اولین ترجیح ہے۔

محمد شجین وسطرو نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے خصوصی احکامات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اوورسیز پاکستانیوں کو سہولیات فراہم کرنے کے لیے ہر ممکن کوشش کی جا رہی ہے۔ انہوں نے تمام متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ وہ ذاتی دلچسپی لیتے ہوئے اوورسیز کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کریں اور جائیدادوں کے تنازعات کو قانون کے مطابق میرٹ پر اور بروقت نمٹائیں۔

انہوں نے واضح کیا کہ سمندر پار پاکستانیوں کو کسی بھی قسم کی مشکلات کا سامنا نہیں ہونا چاہیے، اور انتظامیہ ان کے حقوق کے تحفظ کے لیے مکمل طور پر پرعزم ہے۔

Shares: