اوکاڑہ (نامہ نگار ملک ظفر) ڈپٹی کمشنر احمد عثمان جاوید کی زیر صدارت ضلع اوکاڑہ میں چینی کی کنٹرول ریٹ پر فراہمی یقینی بنانے کے لیے اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل حافظ محمد عمر طیب، اسسٹنٹ کمشنر ایچ آر نور محمد، شوگر ملز مالکان، کریانہ ایسوسی ایشن اور انجمن تاجران کے نمائندوں نے شرکت کی۔

ڈپٹی کمشنر نے اجلاس کے دوران واضح طور پر ہدایت جاری کی کہ ضلع بھر میں چینی کی فروخت 173 روپے فی کلو کے مقررہ نرخ پر ہی کی جائے گی۔ انہوں نے چینی کے ذخیرہ اندوزوں کے خلاف سخت کارروائی اور کریک ڈاؤن کا عندیہ بھی دیا۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ تمام کریانہ شاپس اور مارٹس پر چینی کے نرخ نامے نمایاں جگہوں پر آویزاں کیے جائیں گے تاکہ عوام کو معلومات با آسانی میسر ہوں۔ اس موقع پر شوگر ملز مالکان، کریانہ ایسوسی ایشن اور انجمن تاجران نے ڈپٹی کمشنر کو یقین دہانی کروائی کہ وہ چینی کی کنٹرول ریٹس پر فراہمی میں مکمل تعاون کریں گے۔

ڈپٹی کمشنر احمد عثمان جاوید نے دوٹوک الفاظ میں کہا کہ حکومت پنجاب کے احکامات پر ہر صورت عمل درآمد کروایا جائے گا، اور چینی مہنگے داموں فروخت کرنے والوں کے خلاف کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی۔ تمام اسٹیک ہولڈرز سے اپیل کی گئی کہ وہ نرخ ناموں پر عمل درآمد میں انتظامیہ سے مکمل تعاون کریں۔

Shares: