اوکاڑہ (نامہ نگار ملک ظفر) وزیراعلیٰ پنجاب کے عوامی ریلیف اقدامات پر عمل درآمد کے سلسلے میں ڈسپیوٹ ریزولوشن کمیٹی کا اہم اجلاس ہوا جس کی صدارت ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو محمد شعجین وسطرو اور ڈی پی او محمد راشد ہدایت نے مشترکہ طور پر کی۔ اجلاس میں ضلع کی تینوں تحصیلوں کے اسسٹنٹ کمشنرز اور ایس ڈی پی اوز نے شرکت کی۔
اجلاس کے دوران تحفظِ ملکیتی جائیداد ایکٹ کے تحت فریقین کی سنوائی کی گئی اور مختلف جائیدادی تنازعات کے کیسز کی مفصل سماعت کی گئی۔ ضلعی سربراہان نے ریونیو ریکارڈ کی روشنی میں سائلین کی شکایات کے فوری ازالے کے احکامات جاری کیے اور تمام اسسٹنٹ کمشنرز و ایس ڈی پی اوز کو شفافیت، میرٹ اور درست حقائق پر مبنی رپورٹس پیش کرنے کی خصوصی ہدایات دیں۔
ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو محمد شعجین وسطرو نے کہا کہ ڈسپیوٹ ریزولوشن کمیٹی متاثرین کے حقوق کے تحفظ کے لیے ایک مؤثر فورم ہے، جہاں ریونیو معاملات سے متعلق تنازعات کے شفاف حل کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب کی ہدایات کے مطابق عوام کی فوری سنوائی اور شکایات کے حل کو اولین ترجیح بنایا گیا ہے۔
ڈی پی او محمد راشد ہدایت نے کہا کہ پولیس اور ضلعی انتظامیہ باہمی تعاون کے ساتھ غیر قانونی طور پر جائیدادوں پر قابض عناصر کے خلاف سخت کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ قانون کی بالادستی کو ہر صورت برقرار رکھا جائے گا اور جائیدادی حقوق تلف کرنے والے افراد سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا۔








