اوکاڑہ (نامہ نگار ملک ظفر)ڈپٹی کمشنر احمد عثمان جاوید اور ڈی پی او محمد راشد ہدایت کی زیر صدارت ڈسپیوٹ ریزولوشن کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا جس میں جائیداد سے متعلق 15 کیسز کی سماعت کی گئی۔ اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو محمد شجین وستر، تینوں تحصیلوں کے اسسٹنٹ کمشنرز اور ایس ڈی پی اوز نے بھی شرکت کی۔
اجلاس میں فریقین کے مؤقف، دلائل اور ریونیو ریکارڈ کی روشنی میں کیسز کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ تمام کیسز میرٹ پر جلد از جلد نمٹائے جائیں تاکہ متاثرہ شہریوں کو بروقت ریلیف فراہم کیا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب کی ہدایات کے مطابق ڈسپیوٹ ریزولوشن کمیٹی جائیدادوں کے معاملات میں غیر ضروری تاخیر کے خاتمے کے لیے پوری طرح پرعزم ہے، اور کمیٹی کی موثر ورکنگ سے عدالتی بوجھ میں بھی نمایاں کمی آئے گی۔
ڈی پی او محمد راشد ہدایت نے کہا کہ پولیس ضلعی انتظامیہ کے ساتھ مکمل تعاون کرتے ہوئے فریقین کے باہمی تنازعات کے خاتمے کے لیے اقدامات جاری رکھے ہوئے ہے۔ انہوں نے یقین دلایا کہ متاثرہ شہریوں کو شفاف، غیر جانبدار اور فوری انصاف ہر صورت فراہم کیا جائے گا اور اس مقصد کے لیے تمام ممکنہ اقدامات کیے جائیں گے۔








